وفاقی محتسب کی زیر صدارت جیلوں اور قیدیوں کی ابتر حالت کے حوالے سے اجلاس

جمعہ 20 جولائی 2018 00:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) وفاقی محتسب سید طاہر شہباز کی زیر صدارت اجلاس جمعرات کو یہاں وفاقی محتسب کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا کہ ایک اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان نے جیلوں اور قیدیوں کی ابتر حالت کا نوٹس لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے وفاقی محتسب کو حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملہ کو دیکھیں اور دو ماہ میں رپورٹ پیش کریں۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ صوبہ سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے اور فنڈز کی کمی، ویجلنس اسٹاف کی غیر موجودگی، نگراں کمیٹی، پانی کی دستیابی، تعلیم اور صحت کی سہولیات جیسے مسائل کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدی بھی انسان ہوتے ہیں اور انہیں قوانین کے مطابق سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے اور حالت کو بہتر بنانے کیلئے جدید اور سائنٹفک بنیادوں پر پرائزن مینجمنٹ سسٹم ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

سینئر ایڈوائزر لاء گریونس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ احسن احمد کھوکھر نے پرائزن ریفورمز پر وفاقی محتسب کی سفارشات کے حوالے سے بریفنگ دی اور صوبائی حکومت کو تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں جیلوں کی تعمیر اور خواتین کے لئے علیحدہ جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی محتسب کو سیکریٹری داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات سندھ نے بھی صوبے میں جیلوں کی حالت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

سیکریٹری داخلہ ہارون احمد خان نے اجلاس میں بتایا کہ صوبہ سندھ میں اس وقت 24 جیلیں ہیں اور نئے بننے والے ڈسٹرکٹس میں بھی جیلوں کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ممبر انچارج وفاقی محتسب سیکریٹریٹ عبد المالک غوری، سینئر مشیران وفاقی محتسب سیکریٹریٹ سید ارشد علی، انور حیدر، خالد محمود سومرو، آئی جی جیل خانہ جات عمران منہاس، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری غنور علی لغاری، ایڈیشنل آئی جی پولیس آفتاب احمد پٹھان اور دیگر نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں