سندھ میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے 54 حلقوں کے لیے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع کردیا گیا

سندھ ہائی کورٹ اورسپریم کورٹ میں زیرسماعت سندھ کی 54میں سے 52 اپیلیں نمٹائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن کی مشکل آسان ہوگئی

جمعہ 20 جولائی 2018 21:42

سندھ میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے 54 حلقوں کے لیے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع کردیا گیا
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) قانونی رکاوٹیں دورہونے پر سندھ میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے 54 حلقوں کے لیے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل شروع کردیا گیا سندھ ہائی کورٹ اورسپریم کورٹ میں زیرسماعت سندھ کی 54میں سے 52 اپیلیں نمٹائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن کی مشکل آسان ہوگئی،صوبائی الیکشن کمشنرنے سندھ کے تمام اضلاع کے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہونے کا دعوی کردیا ہے۔

سندھ میں قومی اورصوبائی اسمبلی کی 54 نشستوں پرمختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے مابین قانونی جنگ اوراہلیت کے تنازعات کے باعث عام انتخابات 2018 کے لیے بیلیٹ پیپرزکی چھپائی التواء کا شکارہوگئی تھی جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن سخت آزمائش سے دوچارتھا تاہم دوروز میں سپریم کورٹ اورسندھ ہائی کورٹ کی جانب سے مجموعی طورپر52 حلقوں سے متعلق امیدواروں کی اہلیت ،دوہری شہریت سے متعلق اپیلیں نمٹائے جانے کے بعد بیلیٹ پیپرز کی چپھائی شروع ہوگئی ہے دوسری جانب صوبائی الیکشن کمشنرمحمد یوسف خٹک کا دعوی ہے کہ سندھ کے تمام اضلاع کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوچکی یے اوربیلٹ پیپرز کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عدالتوں میں زیرسماعت اہم ترین اپیلوں کا فیصلہ جمعہ کے روزکیا گیا ہے جن میں سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورکراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے مدمقابل ایک امیدوارحبیب جان سمیت صوبے کے دیگرحلقوں سے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اہلیت سے متعلق عدالتی فیصلے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

قانونی تنازعات کا شکارقومی اسمبلی کے 22 اورسندھ اسمبلی کے 32 حلقوں سے متعلق آئینی درخواستیں زیرسماعت ہونے کی وجہ سے عام انتخابات 2018 کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریاں متاثرہورہی تھیں۔ الیکشن کمشنرسندھ کے ایک ذمہ دارکا کہنا ہے کہ سندھ کے باقی 2 حلقوں کے لیے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی ہرصورت آج 21 جولائی سے شروع ہوجائے گی اورتمام حلقوں کے لیے بیلیٹ پیپرزکی ترسیل بھی شروع کردی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں