مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کو فوکس کرے گی، ڈاکٹر مفتاح اسماعیل

ہفتہ 21 جولائی 2018 07:10

مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کو فوکس کرے گی، ڈاکٹر مفتاح اسماعیل
کراچی ۔ 19 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) سابق وزیر خزانہ اور این اے 244 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پی پی پی اور ایم کیو ایم نے عوام کے ووٹ کا حق ادا نہیں کیا اور کراچی سمیت پورا سندھ مسائل کا شکار ہے مسلم لیگ (ن)حکومت میں آ کر عوامی مسائل کو فوکس کرے گی، اکثر سیاستدان کام نہیں باتیں کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 244 گلستان جوہر میں کارنر میٹنگ اور’’ اے پی پی ‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل (ن) کی حکومت نے کراچی میں امن قائم کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج رات گئے ہم یہاں کارنر میٹنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے ہمیں دوبارہ منتخب کیا تو چھ ماہ کے اندر کراچی کو کچرے سے صاف کر دیں گے شہر کے لئے روزانہ پانچ کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا، گلستان جوہر میں تعلیمی ادارے اور ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ کھولا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منظور کالونی میں ایک گرلز کالج قائم کیا جائے گا جبکہ گلستان جوہر میں ایک مزید گرلز کالج اور ووکیشنل اسکول قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی لیڈر شہباز شریف کا کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ شہر کی تعمیر و ترقی کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خواتین کی ترقی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے نمائندے منتخب کریں جو ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت 9 بزنس زون قائم کئے جائیں گے جس سے معاشی حالت میں بہتری آئے گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات کم ہونے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں اور ان کا اثر زرمبادلہ پر بھی پڑتا ہے، ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم اپنی ملکی پیداوار پر انحصار کریں اور اب وقت آگیا ہے کہ اس مسئلہ پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹال اور گارمنٹس کی تیاری اور برآمدات پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں