عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں

کراچی میں بیلٹ پیپرزاورانتخابی میٹریل پرمشتمل پولنگ بیگزآج انتظامیہ اورکل پولنگ عملہ کے حوالے کردیے جائیں گے

اتوار 22 جولائی 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔کراچی کے علاوہ سندھ بھرمیں بیلیٹ پیپرزکی ترسیل اور پولنگ بیگزکوحتمی شکل دے دی گئی۔ کراچی میں بیلٹ پیپرزاورانتخابی میٹریل پرمشتمل پولنگ بیگزآج انتظامیہ اورکل پولنگ عملہ کے حوالے کردیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق صوبے بھرمیں عام انتخابات 2018 کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں کراچی کے علاوہ سندھ بھرمیں بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کرلی گئی ہے جبکہ کراچی میں بیلیٹ پیپرز کی ترسیل آج مکمل کرلی جائے گی جبکہ انتخابی میٹیریل پرمشتمل پولنگ بیگز آج انتظامیہ اورکل 23 اور24 جولائی کوپولنگ عملہ کے حوالے کردیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں عام انتخابات کی مجوزہ پولنگ اسکیم کے مطابق 2لاکھ16ہزار659افسران اور عملے کی تربیت کی گئی ہے۔

سندھ میں عام انتخابات 2018 کے لئے تیار کی گئی مجوزہ پولنگ اسکیم میں 17ہزار840پولنگ اسٹیشن اور 56ہزار814پولنگ بوتھ تجویز کئے گئے ہیں مجوزہ پولنگ اسکیم کے مطابق 29ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آراوز) اور191ریٹرننگ افسران(آر اوز)ہیںجبکہ پریذائیڈنگ افسران(پی اوز) ،پولنگ افسران(پی اوز) ،اسسٹنٹ پریذئیڈنگ افسران (اے پی اوز) اور نائب قاصدین کی تعداد 2لاکھ6ہزار439ہے ۔ جن میں 2لاکھ6ہزار122مجوزہ یقینی عملہ اور 10ہزار317ممکنہ اضافی عملہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں