چائینز کمپنی کے چار ڈرائیورز کی برطرفی کے خلاف ڈیلی ویجرز اسٹاف نے بلدیہ شرقی جمشید زون نے کام بند کردیا ،ڈرائیوروں کی بحالی کا مطالبہ

محمود آباد پولیس نے چاروں ڈرائیوز محمد یوسف ،ملک زوہیب ،دانش اور عدنان کو غیر قانونی ہڑتال کروانے اور کام میں مداخلت پر گرفتار کرلیا

اتوار 22 جولائی 2018 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) بلدیہ شرقی کراچی کے جمشید زون میں چائینز کمپنی کے ڈیلی ویجرز اسٹاف نے اپنے چار ڈرائیور ساتھیوں محمد یوسف ،ملک زوہیب ،دانش اور عدنان کی جبری برطرفی کے خلاف آج صبح محمود آباد ورکشاپ میں چائینز کمپنی کی گاڑیوں کو کھڑا کرکے صفائی ستھرائی کاکام بند کردیا۔اس دوران صرف 6سی8گاڑیاں کام پرروانہ ہوسکیں ۔

کام میں رکاوٹ ڈالنے پر چائینز کمپنی کے اہلکاروں نے علاقہ پولیس کی مدد لیکر ہڑتالی کارکنوں کو دروازے سے باہر نکال دیا ۔جہاں ہڑتالی ملازمین نے کام بند کرکے احتجاج شروع کردیا اور شدید نعرے بازی کی ۔جس پر محمود آباد پولیس نے چاروں ڈرائیوروں محمد یوسف ،ملک زوہیب ،دانش اور عدنان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ۔

(جاری ہے)

جس پر اظہار یکجہتی کے طور پر یونین رہنمائوں نے یوسی چیئرمین ملک اورنگزیب تاج کے ہمراہ تھانے جاکر اپنی ضمانت پر ڈرائیوروں کو رہائی دلوادی ۔

اس سلسلے میں میڈیا کے نمائندوں کے رابطہ کرنے پر یونین رہنما سیدذوالفقارشاہ نے بتایا کہ چاروں ڈرائیوروں کو یونین سازی کرنے کی سزاکے طور پر ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا جبکہ اس دوران 150دیگر ڈیلی ویجرز ڈرائیوروں اور قلیوں نے بھی چائینز کمپنی سے اپنا حساب کتاب کرکے انہیں بھی فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ۔جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیلی ویجرز ،کنٹریکٹ ملازمین کے حقوق کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔

لیکن چائینز کمپنی اپنے معاہدے کے تحت ملکی لیبر قوانین کی خلاف ورزی کررہی ہے انکا چائینز عملہ بدتمیزی ،گالم گلوچ تک کررہا ہے لیکن غیر ملکی ہونے اور واٹر کمیشن کی سرپرستی کے باعث انکے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کی جاتی ۔جس سے ڈیلی ویجرز ،کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ سولڈ ویسٹ کے مستقل ملازمین میں بھی شدید اشتعال پایا جاتا ہے جسکی تحریری شکایت ایم ڈی سولڈ ویسٹ کو کی جاچکی ہے ۔انہوں نے اس سلسلے میں مستقل ملازمین کو پرامن رہنے اور اپنی ڈیوٹیاں جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایم ڈی سولڈ ویسٹ کو قانون کے مطابق معاہدے پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے کہ تاکہ چائینز کمپنی کی من مانیاں کو کنٹرول کیا جاسکے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں