متحدہ مجلس عمل عوام کی بنیادی ضروریات حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، قاری محمد عثمان

کامیابی کے بعد شیرشاہ اور پورے حلقے کے درینہ مسائل کو پہلی ترجیح پر حل کریں گے، جناح روڈ شیرشاہ میں عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 22 جولائی 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے نائب امیر اور پی ایس 114 سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل عوام کی بنیادی ضروریات حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔کامیابی کے بعد شیرشاہ اور پورے حلقے کے درینہ مسائل کو پہلی ترجیح پر حل کریں گے۔1988 سے اب تک پی ایس 114 کے پسماندہ علاقوں کے بنیادی مسائل کو سنجیدہ لینے کی کوشش ہی نہیں کی گئی۔

منتخب ہونے والے نمائندے اپنے علاقوں میں ڈھونڈنے سے بھی نظر نہ آئے لیکن متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر عوام کے ضروری مسائل انکی دہلیز پر حل کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح روڈ شیرشاہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کے بنیادی مسائل،پانی بجلی، روڈاورصفائی کو پس پشت ڈال دیاگیا جوعوام کے ساتھ بدترین ظلم کے مترادف ہے۔

عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والے ممبران ان سے روپوش ہوجاتے ہیں۔قاری محمد عثمان نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کے غیورعوام اندھیروں سے نکل کر کتاب کی روشنی سے اپنے علاقے اورشہرکوروشن کردیں۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ وطن عزیز میں اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہدکریگی جواس وطن کامقدرہے۔

انہوں نے کہاکہ اب کوئی طاقت عوام کو متحدہ مجلس عمل سے دور نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ سمیت ملک بھرسے بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور عوامی خدمت کو یقینی بنائے گی۔اجتماع سے متحدہ مجلس عمل این اے 248 کے نامزدامیدوارحاجی گل محمد آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے اسلام دوست عوام اب اٹھ کھڑے ہوں اور ظلم وجبرکے خلاف اپنا فیصلہ دیں اورکتاب پرمہرلگائیں جوانکے حقوق کی ضامن ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راہ حق پارٹی کے رہنما مفتی حبیب الرحمن نے متحدہ مجلس عمل کی کامیابی کو وقت کی ضرورت قراردیااورقاری محمد عثمان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اجتماع سے مفتی فیض الحق، مولانا مستجاب اللہ، مولانا عمر فاروق،انجینئر عبد القیوم،رب نواز خان، عزیز الرحمن عزیز، مولانا شاہ نواز،نذیراحمدخان اوردیگررہنماں نے بھی خطاب کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں