نگراں حکومت کو چاہئے ہر حلقے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے،خرم شیر زمان

پیر 23 جولائی 2018 21:21

نگراں حکومت کو چاہئے ہر حلقے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرے،خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سابق ایم پی اے خرم شیر زمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں خطرناک دہشت گردی اور سیاستدانوں پر کیے جانے والے خودکش حملے تشویشناک ہیں۔ ملک اس وقت انتہائی اہم سیاسی مرحلے سے گزر رہا ہے۔ الیکشن کے عمومی انتظامات کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے معاملات کو بھی سنجیدگی سے لیا جانا چاہئے۔

نگراں حکومت کو چاہئے کہ ہر حلقے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے۔ دہشت گردی اور خودکش حملوں کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کی سخت ضرورت ہے۔ پاکستان میں پہلے ہی ان گنت ووٹرز اپنے گھروں سے باہر نہیں آتے ، ایسے میں سیکورٹی خدشات اس منفی رجحان کی مزید حوصلہ افزائی کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں ایک پرسکون اور محفوظ ماحول میں ووٹ ڈالنے کا عمل انجام دیاجائے۔

اس کے ساتھ ساتھ صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات بھی ضروری ہیں۔ کسی بھی صورت میں عوام کی رائے کو حتمی سمجھا جائے اور ٹھپہ مافیا سے سختی سے نمٹا جائے۔ ہمیں اعلیٰ عدلیہ، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد ہے۔ اس کے باوجود الیکشن کے دن کسی بھی بے ضابطگی کو خارج از امکان قرار دینا درست نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کی رائے کو اوّلیت دیتی ہے اور ہم چاہتے ہیں انتخابات کی شفافیت یقینی بنائی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں