عمران اسماعیل کو صوبائی حکومت کے اختیارات کا علم ہے نہ صوبائی نمائندے یعنی گورنر کے فرائض کا علم ہے،سعید غنی

پی ٹی آئی کی طرف سے نامزد گورنر نے جس طرح کے بیانات دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس سے لگتا ہے ان کے دماغ میں ٹھوس دیا گیا ہے کہ وہ گورنر نہیں بلکہ شہنشاہ ہیں،صدر پیپلز پارٹی کراچی کا بیان

پیر 13 اگست 2018 23:04

عمران اسماعیل کو صوبائی حکومت کے اختیارات کا علم ہے نہ  صوبائی نمائندے یعنی گورنر کے  فرائض کا علم ہے،سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنی جماعت کے ڈویڑنل صدر دفتر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے نامزد گورنر نے جس طرح کے بیانات دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس سے لگتا ہے ان کے دماغ میں ٹھوس دیا گیا ہے کہ وہ گورنر نہیں بلکہ شہنشاہ ہیں، عمران اسماعیل کو صوبائی حکومت کے اختیارات کا علم ہے اور نہ وفاقی حکومت کے صوبائی نمائندے یعنی گورنر کے منصب کے فرائض کا علم ہے، سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے رہنما سلطان راہی بننے کی کوشش نہ کریں، دیواریں گرانے کی باتیں کرنے والوں کی پگڑیاں بھی محفوظ نہیں رہیں گی، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی اتحاد کراچی میں چائنہ کٹنگ اور قبضہ مافیا کی ساجھے داری کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے بتایا کہ بلاول ہاوس کے اطراف کی تمام سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے، سعید غنی نے پی پی پی قیادت کو دہشتگردوں سے لاحق شدید خطرات کا بھی ذکر کیا، انہوں نے کہا کہ بلاول ہاوس صرف ایک عمارت نہیں بلکہ یہ دو بار وزیر اعظم پاکستان رہنے والی شہید بینظیر بھٹو کا گھر اور سابق صدر پاکستان کی رہائشگاہ ہے، پاکستانی سیاست میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے اس گھر کی دیواروں کو مسمار کرنے کا بیان دے کر عمران اسماعیل نے اپنے بچکانہ ذہن کامظاہرہ کیا ہے، سعید غنی نے کہا کہ عمران خان نے گورنر ہاوس کی دیواریں گرانے کی بات کی مگر اقتدار میں آنے کے بعد شائد ارادے تبدیل ہوگئے ہیں اور اب معزز لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں اور یہی پی ٹی آئی قیادت کاوطیرہ رہا ہے، انکا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاست میں عدم برداشت اور گالی گلوچ کی روایت کو عام کیا اور اگر یہی طرز سیاست جاری رہا تو وفاقی اکائیوں میں خلیج پیدا ہوسکتی ہے، سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ہوش کے ناخن لے اور اٹھارویں آئینی ترمیم میں ملنے والے صوبائی اختیارات کی پاسداری کرے، صوبائی اختیارات پر قدغن لگانے کو کوششوں سے وفاق کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ موجود ہے اور سندھ کے نامزد گورنر کے بیانات بظاہر اسی ایجنڈے کی کڑی نظر آتے ہیں۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں