ْعمران خان ایک نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں،ہم کراچی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے

نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل کا اقرا یونیورسٹی کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 20:06

ْعمران خان ایک نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں،ہم کراچی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) نامزد گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ایک نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں، ہماری پارٹی نے پہلے ایک سیٹ سے سفر شروع کیا، ہمت نہیں ہاری، ہمارا حوصلہ بلند تھا اس لئے آج یہ دن دیکھا جب ہم حکومت بنانے جا رہے ہیں، ہم کراچی اور سندھ کی ترقی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریںگے، میں گورنر ہاؤس میں بیٹھا نہیں رہوں گا بلکہ آپ کے ساتھ کام کرونگا، یہ یومِ آزادی نئے پاکستان کی پہلی یومِ آزادی ہے 18 اگست کو عمران خان وزیر اعظم کا حلف اٹھائیں گے وہ ایک تاریخی لمحہ ہوگا جس کی پوری قوم منتظر ہے، اقرا یونیورسٹی ملک کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے جس پر بانی حنید لاکھانی اور موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی دادوتحسین کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اقرا یونیورسٹی کے زیر اہتمام 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا آغاز صبح ساڑھے نوبجے پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا، نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل(ر) معین الدین حیدر، بانی اقرا یونیورسٹی حنید لاکھانی، چانسلر ارم لاکھانی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے پرچم کشائی کی۔

معروف سماجی رہنما حنید لاکھانی نے اقرا فاؤنڈیشن کے جبران حیدر،سیلانی ویلفئیر ٹرسٹ کے بشیر فاروقی،آزاد فاؤنڈیشن کے نوید حسن اورسیو آورچلڈرن کی شایان ملک کے ہمراہ اسٹریٹ چلڈرن سے متعلق مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تعلیم حاصل کریں اور اپنی صلاحیتوں کو وطن عزیز کی ترقی اور قوم کی خوشحالی میں صًرف کریں، تعلیم کے ذریعے ہی ہم ایک ترقی یافتہ ملک بننے کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں، اسڑیٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کامحروم ترین اور کمزورترین طبقہ ہے جس کی کوئی آواز نہیں ہم ان کی آواز بنیں گے اور ان کی آواز کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئیں ہمارے اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں اور اس ملک کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں