صوبائی حکومت انفرا اسٹرکچر، صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دے گی، مراد علی شاہ

منگل 14 اگست 2018 22:13

صوبائی حکومت انفرا اسٹرکچر، صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دے گی، مراد علی شاہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) نامزد وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت انفراسٹرکچر، غربت کے خاتمے، صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری، فاتحہ خوانی اور پھولوں کے چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پی پی پی سندھ کے صدر نثا رکھڑو ، اراکین صوبائی اسمبلی سہیل سیال، سعید غنی، امداد پتافی، قاسم سراج سومرو ،پارٹی رہنمائوں وقار مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے انہیں وزیر اعلی سندھ نامزد کرکے ان کے کاندھوں پر ایک بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، میں ان کا اوردیگر پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کی رہنمائی کے تحت میں صوبہ سندھ کے لوگوں کی بہترین طریقے سے خدمات انجام دینے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائوں گا ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ان کے گذشتہ دورِ حکومت میں انہوں نے سڑکوں کے انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ گندے پانی کے نالوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے دو پیکیجز دیئے تھے اور آج کراچی میں جو مختلف ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس سے کراچی خوبصورت نظر آرہاہے اور مستقبل میں بھی شہر قائد کی ترقی پر اپنی توجہ مرکوز رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کو منتخب کیا ہے کیونکہ اس (پیپلزپارٹی) نے ان کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحت کے شعبے کو بہتر بنائیں گے اور تھر کول میں بھی بڑے پیمانے پر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تھر پروجیکٹ سے جلد ہی بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس مرتبہ ان کی حکومت سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں