نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مزارِ قائد میں داخلے سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت

پی پی سے بلاول ہائوس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کرنے کا بیان دیا تھا، بلاول ہائوس گرانے کا بیان نہیں دیا،عمران اسماعیل

منگل 14 اگست 2018 22:16

نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مزارِ قائد میں داخلے سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کو مزار قائد میں داخلے سے روک دیا گیا۔یوم آزادی پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما مزار قائد پر حاضری دیتے رہے تاہم نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو مزار میں داخلے کی اجازت نہ ملی۔نامزد گورنر عمران اسماعیل، سینئر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی، جنرل سیکریٹری خرم شیر زمان اور دیگر پی ٹی آئی رہنما مزارِ قائد کے دروازے پر کھڑے رہے، انہیں بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار میں داخلے سے روک دیا گیا۔

دوسری جانب نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پی پی اراکین مزارقائد میں پروٹوکول کے ساتھ موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس صورت حال پر نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پیپلزپارٹی اپنے پروٹوکول کو تبدیل کرے، 40گاڑیاں لا کر روڈ بند نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول ہائوس گرانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، اس قسم کا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

میں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بلاول ہائوس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے۔اور کہا تھا کہ بیرونی دیوار نہیں گرائی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے ۔میں نے بلاول ہائوس گرانے کا بیان نہیں دیا۔ بلاول ہائوس تاریخی اہمیت کی حامل جگہ ہے ۔اس لیے اس کو گرانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ بلاول ہائوس کے اطراف میں قائم بلند دیواروں کو گرانے کی بات کی تھی۔

میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔سابق وزیراعظم اور سابق صدرکے گھر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں ۔پیپلز پارٹی میرے بیان پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔ پی پی کے رہنما میرے خلاف توہین آمیز بیانات دے رہے ہیں۔ انہیں ایسی نازیبا حرکات سے باز رہنا چاہئے۔ جناح کیپ پہن کر آنے والے عمران اسماعیل اور دیگر رہنما داخلے کی اجازت نہ ملنے پر مزار کے گیٹ سے ہی فاتحہ پڑھ کر واپس روانہ ہو گئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں