قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر چادر چڑھائی اور دعا بھی کی، آج نئے عہد و پیماںکرنے کا دن ہے ۔ آغا سراج درانی

منگل 14 اگست 2018 22:35

قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے یوم آزادی کے موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمن اور نگراں کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر چادر چڑھاکر دعا بھی کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مزار قائد پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے تحریر کیا کہ 14 اگست بانیاں پاکستان کی انتھک محنت اور قربانیوں کے ثمر کا دن ہے اس روز مسلمانان برصغیر نے اپنے اور اپنی آئندہ نسل کے لئے آزاد اور خود مختا ر وطن حاصل کیا، ہمیں اس روز عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو بابائے قوم اور بانیان پاکستان کے وژن، افکار اور رہنماء اصولوں کے مطابق وطن عزیز کو دنیا میں اعلیٰ و منفرد مقام دلائیں گے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں قائم مقام گورنرسندھ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ،ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کتنی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا یہی وجہ ہے کہ اس روز قومی پرچم بلند کرکے حوصلہ مزید بلند ہو جاتا ہے یہ بے مثل جدوجہد کادن ہم سے نئے عہد و پیما ںکا تقاضہ کرتا ہے ہر برس کی طرح امسال بھی گلی گلی کوچہ کوچہ میں جشن کا سماں اور پوری قوم اپنے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کر رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ، اپنے وطن سے محبت کرنے والی قومیں اسی شان سے اپنا یوم آزادی منایا کرتی ہیں ، آج پاکستانیوں نے بھی اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے جس کی مثال دنیا میں ملنا بہت مشکل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک نئے جمہوری دور کا آغا ز ہو گیا ہے اقتدار کی پر امن منتقلی سے ایک بار پھر ثابت ہوجائے گا کہ پاکستان ایک جمہوریت پسند ملک ہے اور اس کے عوام جمہوری روایات کو پروان چڑھانے کا جذبہ رکھتے ہیں، امید ہے کہ نئی حکومت وطن عزیز کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، عوام کا معیار زندگی مزید بلندکرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے میں بھرپور کاوشیں بروئے کار لائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں