پاک سرزمین پارٹی کی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کرنے کی شدید مذمت

کراچی کوئی مفتوحہ یا مقبوضہ علاقہ نہیں جو تحریک انصاف کراچی کے شہریوں کو اپنے تشدد کا نشانہ بنائے،جسٹس ثاقب نثار واقعہ کا سختی سے نوٹس لیں، انیس ایڈووکیٹ

بدھ 15 اگست 2018 13:03

پاک سرزمین پارٹی کی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کرنے کی شدید مذمت
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) تحریک انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرعمران علی شاہ کی جانب سے عام اور نہتے شہری پر اپنے گارڈز کے ہمراہ تشدد کرنے کی وڈیو منظر عام پر آنے پر پاک سر زمین پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین انیس ایڈوکیٹ نے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کوئی مفتوحہ یا مقبوضہ علاقہ نہیں جو تحریک انصاف کے نمائندے کراچی کے شہریوں کو اپنے تشدد کا نشانہ بنائے۔

(جاری ہے)

نئے پاکستان میں قانون کو پامال کرنے کی ابتدا کر کے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کراچی کی عوام کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ اب پولیس اور عدالت کے بجائے تحریک انصاف اپنا قانون نافذ کرے گی۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے کا عمل غیر زمہ دارانہ اور وڈیرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان واقعہ کا سختی سے نوٹس لیں ۔ انہوں نے تشدد کے شکار شخص سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عمران علی شاہ کے غیر قانونی عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔پاک سرزمین پارٹی پرتشدد واقعہ میں ملوث تحریک انصاف ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کرتی ہے

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں