پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی 96 ووٹ لے سندھ اسمبلی کے سپیکر منتخب،

مد مقابل ایم کیو ایم کے جاوید حنیف 59 ووٹ حاصل کرسکے

بدھ 15 اگست 2018 16:21

پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی 96 ووٹ لے سندھ اسمبلی کے سپیکر منتخب،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) سندھ اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی 96 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ بدھ کے روز سندھ اسمبلی میں پریذائیڈ نگ آفیسر میر نادر خان مگسی نے ووٹنگ کرائی۔ سپیکر کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی اور متحدہ قومی موومنٹ کے جاوید حنیف کے درمیان مقابلہ ہوا۔

(جاری ہے)

پولنگ ختم ہونے کے بعد پریذائیڈ نگ آفیسر میر نادر مگسی نے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق 158 ممبران نے ووٹ کاسٹ کیے جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے آغا سراج درانی 96 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل ایم کیو ایم پاکستان کے جاوید حنیف 59 ووٹ حاصل کرسکے جبکہ 3 ووٹ مسترد ہوئے۔ سپیکر کے انتخاب میں 5 ممبران نے ووٹ کاسٹ نہیں کیے، ان میں پاکستان تحریک انصاف کے عمران اسماعیل اور جی ڈی اے کے عارف مصطفیٰ جتوئی غیر حاضر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے 3 ممبران یونس سومرو، ثروت فاطمہ اور محمد قاسم نے ایوان میں موجود ہونے کے باوجود ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔ سپیکر منتخب ہونے کے بعد میر نادر مگسی نے آغا سراج درانی سے حلف لیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں