کراچی،نئی حکومت سے اپیل ہے کہ ہر چیز سے بالا تر ہو کر کام کرے، وسیم اختر

عوام کو جو سہولیات ملنی چاہئیں ابھی تک نہیں ملیں ، سندھ بھر میں جاری وفاقی حکومت کے پروجیکٹس تیزی سے مکمل کئے جائیں،میئر کراچی

بدھ 15 اگست 2018 23:09

کراچی،نئی حکومت سے اپیل ہے کہ ہر چیز سے بالا تر ہو کر کام کرے، وسیم اختر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ جمہوریت کی نرسری ہے،کسی بھی جماعت کا صدر ،وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ بنے اگر وہ عوام کی بھلائی کے لئے کام کریں گے تو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایوان اس کی حمایت کرے گا، نئی حکومت سے اپیل ہے کہ ہر چیز سے بالا تر ہو کر کام کرے، کراچی کے شہری مشکل میں ہیں، عوام کو جو سہولیات ملنی چاہئیں ابھی تک نہیں ملیں لہٰذا عوام سے جو وعدے کئے گئے پورے کئے جائیں، لوگوں کو پینے کا صاف پانی دیا جائے ، شہر اور صوبے کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے، ترقیاتی فنڈز کا صحیح استعمال ہو، این ایف سی ایوارڈ اور پانی میں سندھ کا حصہ بڑھایاجائے، سندھ بھر میں جاری وفاقی حکومت کے پروجیکٹس تیزی سے مکمل کئے جائیں اور مختلف منصوبوں کے لئے رُکے ہوئے فنڈز فوری جاری کئے جائیں، یہ بات انہوں نے بدھ کی سہ پہر کے ایم سی کونسل کے عام اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس کے دوران مجموعی طور پر 8 قراردادوں کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا، جن میں فائبر آپٹک تاروں کو ترتیب میں کرنے اور ان کی تنصیب پر ٹیکس لگانے کی تجویز، کراچی تھیم اور سفاری پارک کے قیام، فعالیت اور اس کے انتظام کا منصوبہ بتوسط پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ، چڑیا گھر اور سفاری پارک میں جانوروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے آسامیوں کا قیام، کے آئی ایچ ڈی کی 3 انجیو گرافی مشینوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لئے سالانہ معاہدے کی سہ ماہی ادائیگی، کورنگی کریک روڈ یا فلائی اوور کورنگی کراسنگ کا نام شاہجہاں ایس کریم کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری، بورڈ آف ٹرسٹی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں دو سالہ مدت کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے میئر کراچی وسیم اختر کی بحیثیت ٹرسٹی منظوری، کے ایم سی ملازمین کے رہائشی فلیٹس / کوارٹرز کی مرمت اور سیوریج کے نظام کی درستگی، رنگ و روغن کرانے کی منظوری اور میوہ شاہ قبرستانکی مرکزی شاہراہ اور اندرونی روڈ کی تعمیر و مرمت اور روشنی کے انتظام پر مشتمل قرار دادیں شامل تھیں، سٹی کونسل کے مختلف ارکان نے پیش ہونے والی قراردادوں پر اظہار خیال کیا اور کرم اللہ وقاصی، حبیب الرحمن، سید مزمل شاہ، معراج شاہ جیلانی، محمد امین خان، فاطمہ خان، سید خلیل امام، تاج الدین صدیقی، احسان اللہ، نظر محمد بلوچ، تنویر خان جدول، علی رضا بلوچ، سید جاوید علی، حنیف سورتی، اسلم شاہ آفریدی نے اپنے تاثرات پیش کئے، میئر کراچی وسیم اختر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئی حکومت آنے والی ہے لہٰذا ہمیں بلدیاتی اداروں کومضبوط بناتے ہوئے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کو بھر پور پیغام دینا چاہئے، آنے والی حکومت کے بہت سارے وعدے ہیں اللہ کرے وہ انہیں پورا کرے ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کے مسائل حل کرانا ہے، انہوں نے کہا کہ جس بھر پور جوش اور ولولے کے ساتھ یوم آزادی پر کے ایم سی اور ڈسٹرکٹس کے تحت شاندار تقریبات منعقد کی گئی وہ خوش آئند ہے کراچی کے لوگ اپنے تمام باہمی اختلافات بھلا کر ان میں شریک ہوئے جس سے ملک کی 71 ویں سالگرہ پر دنیا بھر میں ایک اچھا پیغام گیا، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے چار ارکان صوبائی اسمبلی کے رکن بنے ہیں ہماری دعا ہے کہ یہ ارکان وہاں اچھا پرفارم کریں، سفاری پارک میں تھیم پارک کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی بہتری کے لئے ہے اور اس کی اونر شپ کے ایم سی کے پاس رہے گی، سندھ حکومت اور کے ایم سی اس سلسلے میں آن بورڈ ہیں اور منصوبے کی حتمی منظوری سندھ حکومت ہی دے گی، انہوں نے سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی کو ہدایت کی کہ جن کمیٹیوں کے چیئرمین کام میں دلچسپی نہیں رکھتے انہیں تبدیل کرکے نئے چیئرمین منتخب کئے جائیں تاکہ محکمہ جاتی کاموں کی نگرانی اور بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جاسکے، میئر کراچی نے قبرستانوں کی مینٹی ننس کے حوالے سے کہا کہ اس سلسلے میں کے ایم سی کے بجٹ میں معقول رقم مختص کی گئی ہے اور میں نے خود تمام قبرستانوں کے دورے کئے ہیں اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے، سرجانی ٹائون میں ماڈل قبرستان بن رہا ہے انہو ںنے کہا کہ قبرستانوں میں اب بھی ایک مضبوط مافیا موجود ہے جس سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز سے مدد مانگی ہے، انہوں نے کہا کہ کونسل کے اراکین نے مختلف علاقوں میں واقع قبرستانوں کی حالت کو بہتر بنانے اور وہاں صفائی ستھرائی اور روشنی کے حوالے سے جو نکات اٹھائے ہیں انہیں بھی اس ضمن میں منظوری ہونے والی قرار داد میں شامل کیا جائے گا، انہوںنے کہا کہ کراچی میں عید الاضحی پر بہت زیادہ جانوروں کی قربانی ہوتی ہے لہٰذا وہ اس کونسل کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں سے درخواست کریں گے کہ وہ بینکوں کے ذریعہ قربانی کے لئے پیسے بھجوائیں تاکہ ملک میں زر مبادلہ آئے اور لوگوں کو روزگار میسر آئے، اس سے شہر اور ملک کو بھی فائدہ پہنچے گا، قبل ازیں سٹی کونسل میں منظوری کے لئے پیش کئی گئی قراردادوں بحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کراچی تھیم اور سفاری پارک میں پی پی پی کی بنیاد پر بنائے جانے والے پروجیکٹ کو متعلقہ کمیٹی میں پیش کرنے کی تجویز دی، انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات مثلاً پانی، سیوریج اور ٹریفک کے نظام کے حوالے سے بھی بی او ٹی کی بنیاد پر منصوبے بنائے جائیں، پارکس کمیٹی کے چیئرمین حنیف سورتی نے کہا کہ چڑیا گھر میں سفاری پارک میں جانوروں کوقدرتی ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے یہ تفریحی مقامات بہتر ہونگے اور کے ایم سی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا، کونسل کے دیگر ارکان نے کے ایم سی ملازمین کے رہائشی فلیٹس اور کوارٹرز کی مرمت اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی پر زور دیا اور اس حوالے سے مربوط لائحہ عمل اختیار کرنے کی تجویز دی۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں