ملک پر جاگیرداروں اور وڈیروں کا ٹولہ مسلط رہا ہے ،حافظ نعیم الرحمن

عوام کو محروم اور مظلوم بنایا گیا ،ْ عبد الرشید سندھ اسمبلی میں عوام کے حقوق کی جدوجہد کریں گے ۔لیاری میں عوامی اجتماع سے خطاب اسلام کی حرمت اور پاکستان کے تحفظ کے لیے ووٹ حاصل کیا ،ْسندھ اسمبلی میں اسلام پر کسی بھی قسم کا حرف نہیں آنے دوں گا ،سید عبد الرشید

بدھ 15 اگست 2018 23:50

ملک پر جاگیرداروں اور وڈیروں کا ٹولہ مسلط رہا ہے ،حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) امیر جماعت اسلا می کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ برصغیر میں انگریزوں کے تربیت یافتہ جاگیرداروں اور وڈیروں نے انگریزوں کا ساتھ دے کر اور مسلمانوں سے غداری کر کے انگریزوں سے زمینیں انعام میں حاصل کیں،قیام پاکستان کے بعد ملک پر یہ ٹولہ ہی مسلط رہا ،اگر یہ لوگ اسلامی نظام میں روکاوٹیں نہ ڈالتے تو آج ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوتا ،اس ٹولے نے عوام کو محروم ابن محروم اور مظلوم ابن مظلوم بنایا ہے ، ملک میں ظالم وجابر جاگیرداراور وڈیروں ،بیوروکریسی اور اسٹبلشمنٹ کا ایک اتحاد ہے اور اس اتحاد نے آج تک ملک کو اس کی منزل سے دور رکھا ، یہاں لاالہ اللہ کی حکمرانی کو قائم نہیں ہونے دیا لیکن ہم پُر امید ہیں کہ جس طرح پاکستان کا قیام ایک انہونی تھی جو ہونی میں تبدیل ہوئی اسی طرح ان شاء اللہ بہت جلد ملک میں بھی اسلام کا پرچم لہرائے گا، ایم ایم اے کے نومنتخب ممبر سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اسمبلی میں عوام کے حقوق اور اسلامی دفعات کی حفاظت کریں گے اور لیاری کے عوام کے اعتمادپر پورا اتریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فٹبال گراؤنڈ لیاری چاکیواڑہ میں یوم آزادی کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے نومنتخب ممبر سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اور مولانا قاری نورالحق نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چیئرمین یوسی فضل الرحمن ، فیصل میمن ، سابق رکن سندھ اسمبلی بابوغلام حسین بلوچ ، فتح محمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ لیاری کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے مجلس عمل کے امیدوار کو کامیاب کرایا،لیاری کے حوالے سے یہ تاثر تھا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کارکنوں کی جدوجہد اور لیاری کے عوام کے تعاون سے لیاری سے سید عبد الرشید کوکو شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔ پورے ملک میں جو الیکشن ہوئے اس میں بہت بڑے پیمانے میں دھاندلی ہوئی ہے اور نتائج تبدیل کیے گئے،پری پول اور پوسٹ پول ریگنگ کی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ دینی قوتیں ایک ہیں اور مل کر کام کریں گی ، ہمارے پیش نظر کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ دین کی خدمت ہے ،لیاری میں قومی اسمبلی کے لیے مجلس عمل کے امیدوار مولانا نورالحق نے زبردست مہم چلائی ،جدوجہد اور محنت کی آج نہیں تو کل یہ محنت ضرور ثمر با ر ہوگی اور یہ پورا لیاری اسلام کا قلعہ بنے گا۔انہوں نے کہاکہ لیاری کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے نہ صرف فارم 45بلکہ لیاری کے عوام کے مینڈیٹ کا بھی تحفظ کیا ۔

سید عبد الرشید صرف لیاری اور کراچی نہیں بلکہ پورے سندھ کی نمائندگی کریں گے اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں گے ۔اس وقت پورے لیاری ، کراچی اور سندھ کی نظریں سید عبد الرشید پر ہیں یہ عوام کی توقعات اور امیدوں پر ضرور پورا اتریں گے اور عوام کے ساتھ مل کرلیاری میں کام کریں گے ، ہماری منزل اس ملک میں اللہ رب العزت کا نظام قائم کرنا ہے اور اس منزل کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔

71سالوں میں اگر اللہ کا نظام قائم ہوتا تو آج لیاری کے یہ حالات نہ ہوتے یہ غربت اورپرشانیاں نہ ہوتی ، امیر امیر تر اور غریب غریب تر اور یہاں ظالمانہ نظام نہ ہوتا جس نے سب کے ساتھ استحصال کیا ۔سید عبد الرشید نے کہاکہ لیاری کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے سندھ اسمبلی تک پہنچایا اور اس قابل سمجھا کہ عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھا سکوں ۔

لیاری میں کبھی بھی جیتنے یا ہارنے والوں نے پلٹ کر عوام سے رجوع نہیں کیا ۔یہی وہ وجہ تھی کہ جس کی وجہ سے آج لیاری کے عوام نے متحدہ مجلس عمل کے نمائندے کو منتخب کیا۔انہوںنے کہاکہ سندھ اسمبلی کی رکنیت کے بعد مجھ سے کئی صحافیوں نے سوال کیا کہ آپ 168ارکان میں صرف ایک ہیں تو آ پ عوام کے لیے کیا کریں گے میں نے کہاکہ میں ایک عام آدمی ہوں اور میرے پیچھے پورے لیاری کے عوام ہیں جنہوں نے مجھے منتخب کر کے اسمبلی تک پہنچایا اور میں ایسا کام کروں گا جو یہ تمام ارکان نہیں کرسکیں گے۔ایم ایم اے نے اسلام کی حرمت اور پاکستان کے تحفظ کے لیے ووٹ مانگا تھا اور آج سے میں اسلام پر کسی بھی قسم کا حرف نہیں آنے دوں گا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں