سندھ میں کم و بیش چالیس برس پی پی حکومت میں رہی ہے، پھر بھی صوبے کا براحال ہے، خرم شیر زمان

جمعرات 16 اگست 2018 21:28

سندھ میں کم و بیش چالیس برس پی پی حکومت میں رہی ہے، پھر بھی صوبے کا براحال ہے، خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ انیس سو ستر سے دیکھا جائے تو کم و بیش چالیس برس پی پی حکومت میں رہی ہے، پھر بھی صوبے کا براحال ہے۔ ایم پی ا ے خرم شیر زمان نے یہ باتیں سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیرا علیٰ سندھ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

گزشتہ دور میں جب آپ منتخب ہوئے تھے تو آپ نے کچھ وعدے کیے تھے جو آج تک پورے نہ ہوسکے۔ آپ دوسری بار چیف منسٹر بنے، پانچویں بار پی پی کی حکومت آگئی ہے۔ آپ نے وعدہ کیا تھا کہ تعلیم کے نظام کو بہتر کریں گے اور تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے لیکن تعلیم کا وہی برا حال ہے۔

(جاری ہے)

آئے دن لوگ مجبوراً اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں بھیج رہے ہیں۔

آپ نے کہا تھا آپ صحت و طبی سہولیات کو بہتر کریں گے۔ آج بھی طب و صحت کا شعبہ تباہ حال ہے۔ عوام پرائیویٹ کلینک اور ہسپتالوں میں جانے پر مجبور ہیں۔ آپ نے کہا تھا آپ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کریں گے۔ آج بھی زرداری صاحب کے علاقے نواب شا ہ میں پینے کا پانی نہیں ۔ سندھ کے علاقے سہون شریف میں پینے کا پانی نہیں ہے۔ بھٹو صاحب کے مزار کے اطراف میں کسی جیالے کے پاس پینے کا پانی نہیں۔

اس پر سپریم کورٹ نے کمیشن بھی بنا دئیے ہیں، یہ پیپلز پارٹی کا حال ہے۔ آپ نے وعدہ کیا تھا آپ کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ آج پی پی کے اپنے لوگوں کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں۔ آپ نے کہا تھا پولیس میں اصلاحات لائیں گے۔ آج تک پولیس میںاٹھارہ سو چھیاسٹھ کا قانون چل رہا ہے۔ کوئی اصلاحات نہیں لائی جاسکیں۔ پولیس کا بھی وہی براحال ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم آپ سے صرف امید کرسکتے ہیں لیکن کوئی توقع نہیں ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں