پاکستان اسٹاک ایکسجینج میں مندی، 100انڈیکس میں485.76پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی

جمعہ 17 اگست 2018 00:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان اسٹا ک ایکس چینج میں رواں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو بھی کاروبار حصص مندی کی زد میں رہا اور مارکیٹ 400 پوائنٹس کی کمی کے سبب 42 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر کر 41900 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 84 ارب روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب روپے سے گھٹ کر86کھرب روپے رہ گیا ۔

شیئرز مارکیٹ جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی دبائو کا شکار رہی ،منافع خوری کی خاطر فروخت کے دبائو اور سرمائے کے انخلاء کے سبب مارکیٹ تنزلی کا شکا ر رہی اسی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 42400،42300،42200،42100اور42000پوائنٹس کی5بالائی حد سے گر گیا۔آئندہ ہفتے آنیوالی عید الضحی کی تعطیلات انویسٹر کی مارکیٹ میںعدم دلچسپی کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں485.76پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 42446.56پوائنٹس سے کم ہو کر41960.80پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 280.91پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 20651.16پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30723.19پوائنٹس سے کم ہو کر 30421.99پوائنٹس پر بند ہوا ۔

کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں84ارب 52کروڑ43لاکھ17ہزار664روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب4ارب31کروڑ51لاکھ 31ہزار608روپے سے گھٹ کر 86کھرب19ارب 79کروڑ8ارب13کروڑ944روپے رہ گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرا ت کو7ارب روپے مالیت کے 14کروڑ 21لاکھ 78ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو8ارب روپے مالیت کے 14کروڑ52لاکھ 52ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو مجموعی طور پر 375کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 77کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،278میں کمی اور 20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ڈیسکون آکس چیم 89لاکھ24ہزار ،پاک الیکٹرون 88لاکھ54ہزار ،بینک آف پنجاب 66لاکھ62ہزار ،اینگرو پولیمر 66لاکھ 27ہزار اورکے الیکٹرک لمیٹڈ 64لاکھ82ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔

کاروباری تیزی کے اعتبار سے جوبلی لائف انشورنس کے حصص کی قیمت میں 20.00روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اس کے حصص کی قیمت بڑھ کر 660.00روپے ہو گئی اسی طرح 17.50روپے کے اضافے سے مری بریورے کے حصص کی قیمت بڑھ کر 777.50روپے ہو گئی جبکہ رفحان میظ اور باٹا پاک کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب 221.17روپے اور65.47روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے رفحان میظ کے حصص کی قیمت کم ہو کر 7503.83روپے اور باٹا پاک کے حصص کی قیمت کم ہو کر 1832.51روپے ہو گئی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں