کپاس کے منظور شدہ بیجوں پر حکومت کی طرف سے 50فیصد سبسڈی فراہم کرنا لائق تحسین ہے‘ میاں زاہد حسین

جمعہ 17 اگست 2018 00:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کپاس کے منظور شدہ بیجوں پر حکومت کی طرف سے 50فیصد سبسڈی فراہم کرنا اور کسانوں کو کپاس کے متعلق ضروری معلومات پر مشتمل جدید ایپس کے ساتھ 1لاکھ 10ہزار اسمارٹ فونز مہیا کرنا لائق تحسین ہے جس سے کپاس کے ٹارگٹ 10ملین بیلز کا حصول ممکن ہوسکے گا۔

گزشتہ مالی سال کے دوران کپاس کی پیداواری ہدف کا 91فیصد حاصل کیا گیا تھا۔ کپاس کی پیداوار بڑھانے اور فصل کی بہتری کے لئے کی گئی ریسرچ پر تقریباً 350ملین روپے کے اخراجات آئے جو پاکستان میں کپاس کی پیداوار کی بہتری میں معاون ثابت ہوگی اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کا باعث ہوگی۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کی جانب سے ٹیکسٹائل پیکیج کے پہلے مرحلے میں 25.5ملین روپے تقسیم کردئیے گئے ہیں، تاہم اس پیکیج سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے کے لئے اسکا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی برآمدات بڑھانا وقت کی ضرورت اور ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے نا گزیر ہے، نو منتخب حکومت پاکستان کی برآمدات کی ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ملکی آمدنی میں اضافہ اور تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔

مالی سال 2017-18کے دوران پاکستان کے ترقی یافتہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے ٹیکسز کی مد میں حکومت کو صرف 23ارب روپے حاصل ہوئے جو قومی معیشت کا 0.1فیصد بھی نہیں ہے۔ ٹیکسز کے نظام کو بہتر کرنے اورمحصولات کے صحیح حصول کے لئے تمام قومی اداروں کی تنظیم نو کی ضرورت ہے، جس کی طرف متوقع وزیراعظم عمران خان نے اشارہ بھی کیا تھا۔ وقت آگیا ہے کہ معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط نیا پاکستان دنیا کو پیش کیا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں