شہری پر تشدد، رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ کا معاملہ پی ٹی آئی ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد

ڈسپلنری کمیٹی جو بھی تجاویز دے گی اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، فردوس شمیم نقوی

جمعہ 17 اگست 2018 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانے والے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ کا معاملہ پارٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔کراچی میں شہری پرتشدد کرنے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ کا معاملہ پارٹی ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے جب کہ کمیٹی کا فیصلہ آنے تک عمران شاہ کی بنیادی رکنیت معطل رہے گی۔

(جاری ہے)

کراچی ڈویژن کے صدرفردوس شمیم نقوی کے مطابق ڈسپلنری کمیٹی جو بھی تجاویز دے گی اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ انہوں نے پارٹی کو شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے تاہم انہوں نے اپنی برطانوی شہریت چھوڑنے کی تاریخ بتانے کا معاملہ گول کردیا۔واضح رہے کہ 14اگست کو تحریک انصاف کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب گاڑی روک کر ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اس موقع پر ان کے گارڈز بھی موجود تھے جب کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں