اسٹیل مل ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا عدالتی حکم ، ملازمین کی فتح اور جدو جہد کی کامیابی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

اپنے حق کی کامیاب جدو جہد کر نے پر ریٹائرڈ ملازمین اور ایکشن کمیٹی کے چیئر مین و پٹیشنرعمر باقی مبارکباد کے مستحق ہیں ، امیرجماعت اسلامی کراچی

جمعہ 17 اگست 2018 23:27

اسٹیل مل ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کا عدالتی حکم ، ملازمین کی فتح اور جدو جہد کی کامیابی ہے ،حافظ نعیم الرحمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کے 2070ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کے تقریباً 12ارب روپے ملازمین کو ادا کر نے کے حکم کا بھر پور خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ ریٹائرڈ ملازمین کی فتح اور واجبات کی ادائیگی کے لیے پاکستان اسٹیل ریٹائرڈ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی جدو جہد کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔

وفاقی حکومت ووزارت پیداوار کی ذمہ داری ہے کہ عدالتی فیصلے کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کو فی الفور اور یقینی بنائے ۔ عدالتی حکم کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کی گریجویٹی ، پروویڈنٹ فنڈز اور لیو ان کیش مینٹ90دن کے اندر ادا کیے جانے ہیں ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کمیٹی کے چیئر مین اور پٹیشنر سید عمر باقی اور ریٹائرڈ ملازمین کو عدالتی فیصلے اور کامیاب جدو جہد پر مبارکباد بھی دی اور اس امید اور توقع کا اظہار کیا کہ ایکشن کمیٹی مزدوروں اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی ریٹائرڈ ملازمین کا قانونی اور آئینی حق تھا اور عدالت ِ عالیہ نے ملازمین کو ان کا حق دلایا ہے ۔ اپنے حق کے لیے ملازمین نے بڑی جدوجہد کی ہے ۔ بڑا مشکل اور کٹھن وقت گزارا ہے ۔ اس جدو جہد کے دوران کئی ریٹائرڈ ملازمین اپنی جان بھی ہار بیٹھے ۔ اس دوران ریٹائرڈ ملازمین ایکشن کمیٹی نے ہر مو قع پر ملازمین کا ساتھ دیا اور ہر طرح کا دبائو برداشت کیا مگر ملازمین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ اور سودے بازی نہیں کی ۔

واجبات کی ادائیگی کا عدالتی حکم نامہ اور فیصلہ اسی جدو جہد اور صبر و استقامت کا ثمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل انتہائی نفع بخش ادارہ ہوتا تھا مگر حکمرانوں کی نا اہلی ، کرپشن ، سیاسی مداخلت اور کرپٹ عناصر کی سر پرستی نے ادارے کو تباہ و برباد کر دیا اور آج یہ نفع بخش ادارہ مسلسل زوال کا شکار ہے اور ملازمین اپنی ماہانہ تنخواہوں تک سے محروم ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں کا ایسا نظام وضع کیا جائے کہ ان کی 4ماہ کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جا سکیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں