وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی شاہ خرچیوں پر پی ٹی آئی رہنما کا رد عمل

پسماندہ اور غریب صوبے کے وزیرا علیٰ کو زیب نہیں دیتا کہ عوام کا پیسہ بے دردی سے اڑائے، ارسلان تاج گھمن

ہفتہ 18 اگست 2018 21:31

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی شاہ خرچیوں پر پی ٹی آئی رہنما کا رد عمل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے کہا ہے کہ پسماندہ اور غریب صوبے کے وزیر اعلیٰ کو یہ زیب نہیں دیتا کہ عوام کے خون پسینے کا پیسہ بے دردی سے اڑائے۔ مراد علی شاہ کابطور وزیر اعلیٰ سندھ آغاز ہی ان کے انجام کا غماز ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا پیسہ حلف برداری کی عالی شان تقریب پر اڑایا گیا۔ اگر تحریک انصاف کے ساتھ چلنا ہے تو پی پی کو گزشتہ دور کی شاہ خرچیوں کی روایت بھولنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو حلف برداری کی تقریب کا اہتمام سادگی سے کرنا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

سادگی بہترین جمہوری طرزِ سیاست ہے۔ عوام کے پیسوں پر حلف برداری میں پندرہ سو لوگوں کو دعوت دی گئی۔

وزیرا علیٰ سندھ کی پر تعیش حلف برداری عوام کے پیسوں کا ضیاع ہے۔ شاہ خرچیاں سندھ جیسے صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کے شایان شان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پر دسیوں سال حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی کو موجودہ پانچ سال جو حکومت ملی ہے وہ گزشتہ ادوار سے مختلف ہے۔ پی پی والوں کو سمجھنا پڑے گا کہ تحریک انصاف عوام کے مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ عوام کا پیسہ شاہ خرچیوں میں بے دریغ لٹایا جائے گا تو تحریک انصاف کے رہنما چپ نہیں بیٹھیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں