پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، جاپانی سفیر تکاشی کورائے

اتوار 19 اگست 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) پاکستان میں قائم ہونے والی نئی حکومت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاںہیں، پہلے سے جاری دوطرفہ تجارتی منصوبے اپنی اصل حالت میں جاری رہیں گے، ان خیالات کا اظہار جاپان کے پاکستان میں سفیر تکاشی کورائے نے ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے تحت منعقدہ پہلی سی ای او سمٹ کے موقع پربطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا، تکاشی کورائے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت 80سے زائد جاپانی کمپنیاں اپنے کاروبار کو جاری رکھے ہوئے ہیں، اور وہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں، جس سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، اور مقامی سطح ُپر ملازمتوںکے مزید مواقع میسر آئیںگے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کمپنیز کے لیے مقامی پارٹنرز درکار ہیں تاکہ دونوں ملکوںکے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ حاصل ہو۔

(جاری ہے)

تقریب سے ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ زکی احمد، آئی سی ایم اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر اعجاز خان، عاصم حسین خان، قائم مقام ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیولپمنٹ آئی سی ایم اے، فلپ مورس پاکستان کے سی ای او و ایم ڈی الیگزینڈر ریئیش، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی امینہ سید،کے الیکٹرک کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسرفخر احمد، بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ڈاکٹر پروفیسر مستغیث الرحمان ، اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ساقب شیرازی ، حبیب بینک اے جی زیوریخ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر سراج الدین عزیز سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر مجید عزیز کا کہنا تھا کہ پہلی سی ای او سمٹ میں سی ای اوز کی بڑی تعداد شریک ہوئی ہے اور ان کی شرکت اس بات کی عکاس ہے کہ یہ ملک میں موجودہ حالات میں تبدیلی کے ساتھ کاروباری معاملات میں بھی تبدیلی کے خواہاں اور چیلنجز کو قبول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مجید عزیز نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے ایسی تبدیلیاں لائیں جائیں جن کے ثمرات اوپر سے نیچے کی جانب منتقل ہوںاور سسٹین ایبل ڈیولمپنٹ گولز کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

اس موقع پر انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر انگرڈ کرسٹینسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مزدوروں کے حقوق سے متعلق قانون سازی میں ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کی خدمات قابل ستائش ہیں، اور آئی ایل او پاکستان میں مزدور کے حقوق کا دفاع ، روزگا ر کے مواقع اور آرگنائزیشنز کے درمیان بات چیت کے عمل سے کاروباری معاملات کو سلجھانے پر ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں