ملی مسلم لیگ کے تحت کراچی کے تمام صوبائی حلقوں میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے

تحفظ ناموس رسالت ایمان کا حصہ ہے، جس کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، مزمل اقبال ہاشمی کا مظاہرین سے خطاب ْاگر ہولو کاسٹ پر بات کرنا جرم ہے رسول اللہﷺ کی شان اقدس میں گستاخی جرم کیوں نہیں ہوسکتی

اتوار 19 اگست 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) ملی مسلم لیگ کے تحت کراچی کے تمام صوبائی حلقوں میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ شہر کے 44 مقامات پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر ناموس رسالت کے تحفظ اور ہالینڈ کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے گستاخانہ اقدام کے خلاف جملے درج تھے۔

اس موقع پر مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی نئی حکومت سے حرمت رسول کی خاطر قائدانہ کردار ادا کرنے اور ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔ گلشن اقبال، گلستان جوہر، طارق روڈ، محمود آباد، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹائون، سائٹ ایریا، لیاری، ملیر، کورنگی و دیگر مقامات پر بڑے مظاہرے کیے گئے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ایمان کا حصہ ہے، جس کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ حرمت رسول واحد مسئلہ ہے، جس پر پوری امت کو متحد کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی نئی حکومت حرمت رسول کے مسئلے پر دیگر مسلم ممالک کو ساتھ ملاکر قائدانہ کردار ادا کرے۔ پاکستان اسلامی ممالک کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اگر عمران خان اس میں کامیاب ہوگئے تو پوری قوم کو اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ لے کر کسی کے جذبات سے کھیلنا ناقابل برداشت ہے۔ اظہار رائے کی آزادی کا نعرہ لگانے والے مغربی ممالک خود دہرا میعار رکھتے ہیں۔ اگر ہولو کاسٹ پر بات کرنا جرم ہے رسول اللہﷺ کی شان اقدس میں گستاخی جرم کیوں نہیں ہوسکتی عالمی برادری انبیائے کرام اور مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخانہ اقدام کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کریں، یہ موجودہ وقت کی ضرورت ہے۔ اسلامی ممالک کو اس تناظر میں متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں