عید قربان کے موقع پرملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

جانوروں کو ذبح اور گوشت بنانے کے لیے اوزاروں کی فروخت کے بعد مڈی ،چٹائیاںاور ٹوکروں کی خرید و فروخت عروج پر پہنچ گئیں

منگل 21 اگست 2018 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) عید قربان کے موقع پرملک کے مختلف شہروں کی طرح کراچی میں بھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔جانوروں کو ذبح اور گوشت بنانے کے لیے اوزاروں کی فروخت کے بعد مڈی ،چٹائیاںاور ٹوکروں کی خرید و فروخت عروج پر پہنچ گئی ،رات گئے تک خریداری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ قربانی کے بعد باربی کیوں پارٹیوں کے لیے انگیٹھی ، سیخیں اور کوئلے بھی فروخت کیے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں عید الاضحی پر ملک میں سب سے زیادہ جانور سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور اللہ کی راہ میں قربان کیے جاتے ہیں ، عید قربان کے لیے شہریوں نے تیاری مکمل کرلی ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں جانوروں کا گوشت بنانے میں استعمال ہونے والے لکڑی اور کھجور کے پتوں سے بنے مڈی ، چٹائیاں اور ٹوکرے کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ، سرکاری سطح پر نرخ نامہ نہ ہونے کے باعث اسٹالز مالکان نے من مانے نرخ وصول کیے ۔

(جاری ہے)

کیکر کی لکڑی سے تیار مڈی 50روپے کلو فی کلو کا نرخ وصول کیا جارہا ہے۔ذبح کیے گئے جانوروں کو حصے رکھنے اور گوشت بنانے میں استعمال کی جانے والی کھجور کے پتوں سے تیار کی گئیں خصوصی چٹائیاں اور ٹوکرے اندرون سندھ اور پنچاب کے شہروں میں تیار ہوکر کراچی پہنچ گئے ہیں ۔چٹائی کی قیمت سائز کے اعتبار سے 350روپے سے لیکر 1200روپے تک طلب کی گئی جبکہ گوشت کی تقسیم کے لیے چھوٹے ،درمیانے اور بڑے سائز کی ٹوکرے 200سے 300اور کہیں کہیں 400روپے بھی وصول کی گئی ۔

دوسری جانب باربی کیوں پارٹیوں کے لیے انگیٹھی ، سیخیں اور کوئلے بھی فروخت کیے جارہے ہیں۔انگیٹھی کی قیمت 300روپے سے 500روپے ، کوئلہ 40سے 50روپے فی کلواور اسٹیل ، لوہے اور سلور کی دھات سے بنی سیخیں بھی درجن کے حساب سے مختلف ریٹ میں فروخت کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں