عیدالاضحی مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں قربانی، بھائی چارے، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے، میئر کراچی وسیم اختر

شہری قربانی کی آلائشیں مقررہ جگہ پر ڈالیں تاکہ وہاں سے متعلقہ عملہ ان آلائشوں کو اٹھا کر لینڈ فل سائٹ تک پہنچا سکے

منگل 21 اگست 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں قربانی، بھائی چارے، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے، مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں اس عید کے موقع پر قربانی کرتے ہیں، میئرکراچی وسیم اختر نے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قربانی کی آلائشیں مقررہ جگہ پر ڈالیں تاکہ وہاں سے متعلقہ عملہ ان آلائشوں کو اٹھا کر لینڈ فل سائٹ تک پہنچا سکے، انہوں نے کہا کہ گو کہ یہ ذمہ داری بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نہیں ہے تاہم شہر کی صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے کے لئے ہم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے ساتھ ہیں اور جہاں بھی انہیں ضرورت ہوئی ان سے تعاون کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ان مقامات پر جہاں آلائشیں جمع کرنے کے پوائنٹس بنائے گئے وہاں عید کے تینوں ایام میں جراثیم کش اسپرے کرے گی اور کے ایم سی کی 35 اسپرے گاڑیاں، ادویات، عملے اور ڈیزل کے ساتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین کو بھیجی جائیں گی جہاں ان کی نگرانی میں اسپرے کرایا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھیں اور ہر شخص اس سلسلے میں اپنی اپنی جگہ کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ شہری آلائشیں نہ اٹھنے کی شکایات کے ایم سی کے کمپلین سینٹر 1339 پر بھی درج کراسکتے ہیں ، میئر کراچی نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھیں گے اور اس کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ، انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں غریب، مساکین اور مستحق لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے اور مستحقین تک قربانی کے گوشت کی تقسیم کو یقینی بنانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ یہ عید ہمیں نفرتیں ختم کرنے اور دوسروں کے لئے اپنی خوشی کو قربان کرنے کا درس دیتی ہے، علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے گلشن جناح پولو گرائونڈ میں ہونے والے عید کے سب سے بڑے اجتماع کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ نماز عید کے لئے آنے والے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں ، عید گاہ میں وضو کا انتظام کیا جائے اور برادر اسلامی ملکوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلامی ممالک کے پرچم عید گاہ میں لہرائے جائیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں عید کی نماز کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے جہاں اسلامی ملکوں کے سفارتکار، وفاقی و صوبائی وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندے اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد نماز عید ادا کرتی ہے، نماز عید کا یہ قدیمی اجتماع ہر سال تزق و اتہشام کے ساتھ منعقد کیا جاتا ہے، عید الاضحی ہمارا سب سے بڑا تہوار ہے اور اس سال توقع ہے کہ اس عید کے موقع پر کراچی میں 20 لاکھ سے زائد جانور قربان کئے جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں