کے ڈی اے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،وزیر بلدیات سندھ

ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ کا فیصلہ اور دیگرمعاملات کو غوروخوص کے بعد حل کیا جائے گا ، سعید غنی

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:35

کے ڈی اے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،وزیر بلدیات سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) سندھ کے وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سعید غنی نے سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ کے ہمراہ ادارہ ترقیات کراچی(کے ڈی ای) کے ہیڈ آفس سوک سینٹرکادورہ کیا ۔کے ڈی اے کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل سمیع الدین صدیقی سمیت تمام شعبوں کے ڈائریکٹر ز نے وزیربلدیات کو ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیاجبکہ کے ڈی اے کی سی بی اے کے چیئر مین عبد المتین شیخ نے صوبائی وزیر اور سیکرٹری بلدیات کو ادارے اور ملازمین کی برسوں سے درپیش مشکلات اور ان کے حل کے لئے بریفنگ دی،جس کو انہوں نے توجہ اور دلچپسی سے سُنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق عبد المتین شیخ نے صوبائی وزیر اور سیکر یٹری بلدیات کو آگاہ کیا کہ مزدور یونین کی پٹیشن پر سندھ ہائی کورٹ اور سندھ اسمبلی نے 2016میں ادارہ کو سابقہ حیثیت میں بحال کیا تھا لیکن ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ کو اب تک کے ڈی اے کے حوالے نہیں کیا گیا جس کے حصول کے لئے مزدور یونین نے 2سال سے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

عبد المتین شیخ نے کہا کہ ماسٹر پلان کے ڈی اے کاسر(Head)ہے اور اس کے بغیر ادارہ نامکمل ہے اس صورت حال میں کے ڈی اے کی حیثیت ایک ایسے دھڑ کی ہے جس کا سر ہی نہیں، اس کے علاوہ نئی اسکیموں کے اجراء کے لئے زمین ،پبلک ہاؤسنگ اسکیم کے ڈی اے کے تحت نئے پروجیکٹس لاؤنچ کرنے کی اجازت ،زمینوں کی نیلامی کی اجازت ،ملازمین کا زیر التواء چارٹر آف ڈیمانڈ اور ریٹائرڈ ملازمین کے مکمل بقایاجات اور پنشن سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے صوبائی حکومت سے کے ڈی اے کے لئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کی فوری ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ کا فیصلہ اور دیگرمعاملات کو غوروخوص کے بعد حل کیا جائے گا دیگر مسائل بھی باہمی مشاورت سے حل کئے جائیں گے اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ عوامی خدمت کے ادارے عوام کی خدمت پورے جوش و جذبے سے کرسکیں قبل ازیںصوبائی وزیر بلدیات ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سعید غنی اور سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ کے سوک سینٹر پہنچنے پر سی بی اے یونین کے چیئر مین عبدالمتین شیخ اور جنرل سیکر یٹری محمد اشفاق چشتی سمیت یونین کے تمام عہدیداروں اور کارکنان نے اُن کا بھرپور استقبال اور خیر مقدم کیاادارے کے ڈائریکٹر جنرل سمیع الدین صدیقی کی جانب سے جب یونین کے عہدیداروں کا صوبائی وزیر سے تعارف کرایا گیا تو انہوں نے برجستہ کہا کہ ان لوگوں کو میں کئی دہائیوںسے جانتا ہوں کیونکہ میرے والد شہید عثمان غنی اور عبدالمتین شیخ مزدورں کی خدمت کے حوالے سے قریبی قربت رکھتے تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں