امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے باطل کا مقابلہ کرکے آنے والی نسلوں کو باطل قوتوں کی مزاحمت کرنے کا درس دیا ، بلاول بھٹو

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:42

امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے باطل کا مقابلہ کرکے آنے والی نسلوں کو باطل قوتوں کی مزاحمت کرنے کا درس دیا ، بلاول بھٹو
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے باطل کا مقابلہ کرکے آنے والی نسلوں کو باطل قوتوں کی مزاحمت کرنے کا درس دیا ہے۔ یوم عاشور پر اپنے پیغام میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ انسانیت کے علمبرداروں کے لئے مشعل راہ ہے جنہوں نے ظلم اور جبر کے خلاف جنگ کی اور اپنے پیاروں اور اپنی جان کی قربانی دے کر اسلام کا پرچم سربلند کیا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ ہم ایسے عناصر کی مزاحمت کریں جو اپنی رائے دوسروں پر ٹھونسنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا پیغام امن، بھلائی، روشنائی اور سلامتی کا پیغام ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حسینیت کے پیروکار کبھی بھی باطل اور غاصب کے سامنے سر نہیں جھکاتے بلکہ اپنی جانیں قربان کرکے باطل کو شکست دیتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے حضرت امام حسینؓ کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ ہم حضرت امام حسینؓ کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مظلوم کی آواز اور انسانیت کی خدمت کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں