واقعہ کربلا کی یاد میں یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے بر آمد،امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا ،شام غریباں منائی گئی

جمعہ 21 ستمبر 2018 21:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2018ء) یوم شہادت حسین رضی اللہ عنہ پر کراچی میں10محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا اورامام حسین کی تعلیمات اور عظیم قربانی پر روشنی ڈالی، مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔جلوس کی قیادت بو تراب اسکاٹس نے کی ۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزرا ،سینئر پولیس اور رینجرز کے افسران نے جلوس کی گزرگاہ کا معائنہ کیا۔

جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ، راستے میں آنے والی تمام دکانوں اور کاروباری مراکز کو سیل کیا گیا ۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی، جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی موجود ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کی بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئیپنگ کرائی گئی، ہیلی کاپٹر سے جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فضائی نگرانی بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے شہرمیں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہے، جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی عائد ہے۔جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوا جو نمائش چورنگی سے اے ایم اے جناح روڈ ،سی بریز،صدر ریگل چوک سے گزرتا ہوا تبت سینٹر پر آئے گا جہاں شرکابا جماعت نمازادا کی گئی ۔ جلوس میں شہداکی یاد میں سبیلیں لگائی جائیں گی، تابوت،شبیہ علم و ذوالجناح بر آمد ہوں گے،عزادارسینہ زنی ، زنجیر زنی اور قمہ کا ماتم کرینگے ،جلوس میں داخلے سے قبل عزاداروں کی مکمل چیکنگ کی گئی، پارکنگ کے لیے مزار قائد سے متصل گرانڈ باغ جناح میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کی گیا۔

نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد جلوس تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان ، جامعہ کلاتھ، سٹی کورٹ ڈینسو ہال اور لائٹ ہاوس سے ہوتا ہواامام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا جس کے بعدشام غریباں منائی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں