صحافت سے عوامی مسائل کی نشاندہی اور حل میں مدد ملتی ہے ‘گورنرسندھ عمران اسماعیل کی مختلف نیوز چینلز کے صحافیوں سے غیررسمی ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:13

صحافت سے عوامی مسائل کی نشاندہی اور حل میں مدد ملتی ہے ‘گورنرسندھ عمران اسماعیل کی مختلف نیوز چینلز کے صحافیوں سے غیررسمی ملاقات میں گفتگو
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صحافت نہ صرف عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے عوامی مسائل کی نشاندہی اوران کے جلد از جلد حل میں بھی مدد ملتی ہے۔ہفتہ کے روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف نیوز چینلز سے وابستہ رپورٹرز سے گورنر ہائوس میں ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں عوامی مسائل کے حل، بدعنوانی کے خاتمہ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام کررہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان کا وژن دراصل بابائے قوم کا وژن ہے جس کے تحت ہر پاکستانی کو ان کے حقوق کی فراہمی، زندگی کی بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے میں پائی جانے والی خرابیوں اور عوامی مسائل کا ذاتی طور پر مشاہدہ کرتا ہے اور حکومت کے علم میں لاکر ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صحافیوں کی بھی یہ ذمے داری ہے کہ وہ پوری دیانت داری سے مسائل کی نشاندہی کریں اور خبر میں تحقیق اور تصدیق کے عنصر کو لازمی طور پر شامل کریں ۔ اس موقع پر صحافیوں نے گورنر سندھ سے ان کی ترجیحات، اتحادی جماعتوں سے تعلقات ، حکومت سندھ سے ورکنگ رلیشن شپ، وفاق کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر موضوعات پر سوالات بھی کئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں