کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ سر اٹھانے لگا، وزیرِ اعلی سندھ نے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی

اتوار 23 ستمبر 2018 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) شہرقائد میں ہیٹ ویو کا خطرہ پھر سر اٹھانے لگا، وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ہیٹ ویو کے پیشِ نظر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو کے پیشِ نظر وزیرِ اعلی سندھ نے سیکرٹری صحت کو اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک سینٹرز بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسپتالوں کے سلسلے میں ہدایت جاری کی کہ اسپتالوں میں ہیٹ ویو کے مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔انھوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے پبلک ٹینکس میں پانی فراہم کیا جائے، بلدیاتی نمائندے بھی کیمپس لگا کر شہریوں کو ٹھنڈا پانی فراہم کریں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعلی سندھ نے شہریوں کو شدید گرمی میں بچوں اور بزرگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی بھی ہدایت کی، خیال رہے کہ شدید گرمی کے اثرات بچوں اور بوڑھوں پر زیادہ مرتب ہوسکتے ہیں۔

دوسری طرف مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کو بھی ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی میں شہریوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے، انھوں نے کہا واٹر بورڈ بھی شہریوں کو پانی کی فراہمی مزید بہتر کرے۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 26 ستمبر تک کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دبا کی وجہ سے شدید گرمی کی لہر شہرِ قائد کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں