سندھ اسمبلی کے آج سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں حکومت اوراپوزیشن کے مابین سخت معرکہ آرائی کا امکان

اپوزیشن جماعتوں نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو بجٹ کی منظوری کے موقع پرٹف ٹائم دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی

اتوار 23 ستمبر 2018 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) سندھ اسمبلی کے آج پیر سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں حکومت اوراپوزیشن کے مابین سخت معرکہ آرائی کا امکان ہے پیپلزپارٹی نے ستائیس ستمبرسے قبل صوبائی بجٹ منظورکرانے کی حکمت عملی تیارکرلی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو بجٹ کی منظوری کے موقع پرٹف ٹائم دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی ہے۔

سندھ اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے گزشتہ دس سالہ دوراقتدار میں سرکاری فنڈز کے بے جا استعمال، مبینہ کرپشن اور اقربا پروری کے کیسزکاایوان میں پردہ چاک کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی تیارکرنے کے لیے آج اجلاس طلب کرلیا ہے اورحکومت کی جانب سے ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیے جانے والیمطالبات زر کی منظوری کے موقع پرصوبائی حکومت کوآئینہ دکھانے کے لیے لائحہ عمل تیارکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پرسندھ حکومت کوٹف ٹائم دینے کے لیے سب سے زیادہ متحرک تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی ہیں وہ سندھ کے تمام اضلاع میں دستیاب بنیادی سہولتوں ، صحت و صفائی کی صورتحال کے علاوہ تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کی حالت زار پرسندھ اسمبلی میں آوازبلند کریں گے پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی اندرون سندھ عوام کو درپیش مسائل اور صحت و صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال کی تصاویر اور ویڈیو کلپس بھی تیارکیے ہیں تاکہ انہیں بطور ثبوت سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیش کیا جائے۔

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو واضح عددی اکثریت حاصل ہے مگر اس کے باوجود اپوزیشن پارٹیوں نے سندھ میں گزشتہ دس سال کے دوران ہونے والی کرپشن، سرکاری وسائل کے غلط استعمال اور اقربا پروری جیسے حکومتی اقدامات پر خاموش نہ رہنے اوربھرپورآوازبلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں