عثمان پبلک اسکول سسٹم شہر کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے، حافظ نعیم الرحمان

ادارہ بچوں اور بچیوں کو نا صرف زیور ِ تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے بلکہ دینی و دنیاوی اعتبار سے بہترین تعلیم و تربیت فراہم کر رہا ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی

پیر 24 ستمبر 2018 22:19

عثمان پبلک اسکول سسٹم شہر کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے، حافظ نعیم الرحمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عثمان پبلک اسکول سسٹم شہر کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے جو بچوں اور بچیوں کو نا صرف زیور ِ تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے بلکہ دینی و دنیاوی اعتبار سے بہترین تعلیم و تربیت فراہم کر رہا ہے ۔ اسی وجہ سے والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کا داخلہ عثمان پبلک اسکول میں ہو ۔

میٹرک میں مسلسل نمایاں کار کردگی اور انٹر میں پوزیشن کا حصول عثمان پبلک اسکول کی شاندار کامیابی اور کارکردگی کا ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان پبلک اسکول سسٹم میں زیر تعلیم 90فیصد سے زائد نمبر حاصل کر نے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے کنٹرولر انٹر بورڈ عظیم احمد ، سیکریٹری انٹر بورڈ زرین راشد اور عثمان پبلک اسکول کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر معین الدین نیئر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں اساتذہ ، والدین اور انٹر پری میڈیکل میں دوسری پوزیشن حاصل کر نے والی عثمان پبلک اسکول سسٹم کی طالبہ خدیجہ اشرف سمیت نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے طلبہ و طالبات نے شر کت کی ۔ تقریب میں خدیجہ اشرف سمیت دیگر طلبہ و طالبات کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول گزشتہ تیس سالوں سے کراچی میں سر گرم عمل ہے اور اس نے اپنا معیار برقرار رکھا ہے اور تین سال سے قبل کالج کی سطح پر تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔

میٹرک کے امتحانات میں ہر سال نمایاں اور بہترین رزلٹ آتا ہے اور بچے پوزیشن بھی حاصل کر تے رہے ہیں ۔ جبکہ اس سال انٹر پری میڈیکل کی طالبہ خدیجہ اشرف نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول ایک مشن کے طور پر قائم کیا گیا تھا جو آج بھی جاری ہے ہم چاہتے ہیں کہ بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق اور کردار سازی پر بھی توجہ دی جائے ۔

ان کے اندر حق اور باطل کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا ہو اور یہ ایک با عمل مسلمان اور بہترین شہر ی ثابت ہوں ۔ ہم نسل نو کو دور حاضر کے چینلجز سے مقابلے کے لیے تیار کر رہے ہیں ۔ ہماری بچے ماہر ڈاکٹر ، انجینئر ، پروفیسر ، سائنسدان اور استاد بنیں، ملک و قوم اور ملت کے معمار ثابت ہوں اور اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ عظیم احمد نے کہا کہ عثمان پبلک اسکول سسٹم کے کالج نے نہایت کم وقت میں اپنا لوہامنوایاہے ،شہر میں 50 فیصد پرایوئٹ کالجز میں 2 سالہ کالج کا بہتر ین رزلٹ و پوزیشن کسی اعزاز سے کم نہیں پوزیشن لینے والے طلبہ سے قوم کو بڑی امید ہوتی ہے ۔

عثمان پبلک اسکول سسٹم جیسے ادارے شہر میں اور زیادہ ہونے چاہیئے ،میں اس ادارے کی تعلیم اور تربیت کے نظام سے متاثر ہوں۔اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی تعلیمی ادارے کے بچوں کی ایسی شاندار کامیابی ادارے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے اللہ اس ادارے کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔زرین راشد نے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگا کے آج تلاوت و نعت رسولؐ کے بعد کلام اقبال پیش کیا گیا اوربہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا۔

میں اس ادارے کو صرف اچھے نتیجے کے حوالے سے جانتی تھی لیکن آج اس تقریب میں شر کت کے بعد مجھے یقین ہو گیا ہے یہ بچے معاشرے کے بہترین شہری بھی ثابت ہونگے۔ یہ ادارہ یقینا ایسے لوگوں کامجموعہ ہے جوسب اپنی فیلڈ کے ماہر ہیں۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ ہمیں ایسے بہت سارے ادارے نصیب کرے کہ اس شہر میں اور ملک میں اچھے لوگ پیدا کیے جا سکیں۔ شاندار کارکردگی پر طلبہ والدین اور اساتذہ مبارک بادکے مستحق ہیں ۔

سید معین الدین نئیرنے کہا کہ ہمارے 50 طلباء نے کراچی بورڈ کے امتخانات میں 90 فی صد سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں جس پر ہم فخر کرتے ہیں، اللہ سے دعا ہے یہ بچے ایسے ہی کامیابیاں سمیٹتے رہیں۔ہم آئندہ سال سے اپنے سسٹم میں 3 بہترین طلبہ کو انٹر تک مفت تعلیم فراہم کرینگے، اس کے علاوہ ہم 10 طلبہ اورطالبات کو اپنے کالج میں 50 فیصد اسکالرشپ دینگے۔ہم شہر میں 10 ہزار سے زائد بچوں کو مناسب فیس پر معیاری تعلیم فراہم کرتے ہیں یہی ہماراطرہ امتیاز ہے۔کراچی میں بہت جلد دو مزید کالجز کا اضافہ کرینگے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں