نیب کی خورشید شاہ کیخلاف کرپشن کی تحقیقات شروع

نیب نے خورشید شاہ کے داماد اور بیٹے کو بھی شامل تفتیش کرلیا، سابق اپوزیشن لیڈر پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، نیب ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 ستمبر 2018 21:21

نیب کی خورشید شاہ کیخلاف کرپشن کی تحقیقات شروع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2018ء) نیب نے سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں، نیب نے تحقیقات میں خورشید شاہ کے داماد اور بیٹے کو بھی شامل کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ میں نیب نے پیپلزپارٹی کے ایسے رہنماء جن پرکرپشن کے الزامات ہیں ان کیخلاف اپنی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے۔

نیب سکھر نے مختلف اداروں سے پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ خورشید شاہ پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ جب کہ نیب نے انکوائری میں ان کے صاحبزادے اور داماد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں نیب میں پیپلز پارٹی کے کئی وزرا کے خلاف انکوائری کا آغاز ہوا جو تاحال تاخیر کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق وزیر ضیاء لنجار، منظور وسان، اعجاز جاکھرانی، نواب وسان، رؤف کھوسو، سہراب سرکی، سہیل انور سیال اور ستار راجپر کے خلاف تحقیقات بھی 2 سال سے مکمل نہیں ہوسکی۔ اسی طرح نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں پیپلزپارٹی کے رہنماء ڈاکٹر عاصم کیخلاف بھی کرپشن کے میگا اسکینڈل کا کیس زیرسماعت ہے۔ دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے نواز شریف کے خلاف ریفرنسز دوسری احتساب عدالت منتقل کرنے سے متعلق اپیل واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔

سپریم کورٹ میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی دوسری احتساب عدالت منتقلی کے خلاف نیب اپیل کی سماعت ہوئی۔ نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں کہا گیا کہ احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کے روبرو دونوں ریفرنسز پر کافی کارروائی ہو چکی ہے جو مکمل ہونے کے قریب ہے، معاملے پر غور کرنے کے بعد اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم سپریم کورٹ اپیلیں واپس لینے کی اجازت دے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں