کے الیکٹر ک باعث تکلیف بن چکی ہے،لوڈ شیڈنگ کے لیے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں ،خرم شیر زمان

منگل 25 ستمبر 2018 19:44

کے الیکٹر ک باعث تکلیف بن چکی ہے،لوڈ شیڈنگ کے لیے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں ،خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹر ک شہریوں کے لیے باعث تکلیف بن چکی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے لیے بہانے ڈھونڈے جاتے ہیں اور موقع ملتے ہی ضرور کی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں گرمی کی لہر کیا آئی، کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ کا بہانہ مل گیا۔ شہری گرمی سے بے حال تھے اور رات بھر انہیں لوڈ شیڈنگ نے پریشان کیے رکھا۔ اب تک بہانے بہانے سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی نہ ہونے سے عام شہری آرام نہیں کرسکتے اور دکانداروں اور کاروباری حضرات کا کام متاثر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

حکومت کو کے الیکٹرک کی خبر ضرور لینی چاہئے اور من مانیوں پر محاسبہ بھی کرنا چاہئے۔ کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کوئی بیمار ہے، کسی کو تعلیم تو کسی کو روزگار کا مسئلہ ہے۔ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ کرکے اپنے فرائض سے پہلو تہی کر رہی ہے۔ لوگوں کی مشکلات کم کرنے کی بجائے بڑھائی جا رہی ہیں۔ موسم تبدیل ہو رہا ہے اور لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ایسے میں کے الیکٹرک کو انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت لوڈ شیڈنگ سے باز رہنا چاہئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں