ملک کا معاشی حب کراچی مشکل دور سے گذر چکا، گورنرسندھ

شہریوں نے خوف سے نکل کر گذشتہ انتخابات میں کھل اپنی رائے کا اظہار کیا جو کہ خوش آئند ہے ، عمران اسماعیل عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، جمعیت پنجابی سوداگران کی تقریب سے خطاب

بدھ 26 ستمبر 2018 18:24

ملک کا معاشی حب کراچی مشکل دور سے گذر چکا، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک کا معاشی حب کراچی مشکل دور سے گذر چکا ہے جسے کسی صورت میں واپس نہیں آنے دیاجائے گا کیونکہ کراچی کے شہر ی خوف کی فضا ء سے نکل چکے ہیں اور انہوں نے گذشتہ انتخابات میں اپنی رائے کا کھل کر اظہار کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جمعیت کے صدر سعید شفیق جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی اور دیگر عہدیداران بھی موجو د تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لئے ایک پروگرام لے کر آئی ہے جس کا وزیراعظم نے دورہ کراچی میں اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے زیر انتظام ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو ان سے جلد از جلد استفاد ہ کرنے کا موقع مل سکے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لئے انہوں نے آئی جی سندھ سے تفصیلی ملاقات کرکے انھیں ہدایات دی ہیں اور جلد اس کے نتائج عوام کے سامنے آئیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے رجحان میں اضافہ نہایت تشویشناک ہے جس کے لئے سی پی ایل سی کی طرز پر ایک ادارہ تشکیل دیا جا نا چاہئے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پانی کی کمی انتہائی اہم مسئلہ ہے ،ایک عالمی رپورٹ کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی اور ہم نے پانی کے ذخیرہ پر مناسب توجہ نہ دی تو پھر 2025 ء تک پاکستان بھی دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے جہاں پانی کی کمیابی ہے اس لئے ڈیمز بنانا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار صاحب نے ڈیمز کے حوالہ سے جو مہم شروع کی ہے وزیر اعظم پاکستان بھی اس میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں کیونکہ یہ ہماری قومی ضروریات کے لئے ازحد ضروری ہے اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر گورنرہائوس میں بھی ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم میں 75 کروڑ روپے کی خطیر رقم کے فنڈز کے وعدے کئے گئے جو کہ خوش آئند ہے کہ ہماری قوم اس مسئلہ پر پوری یکسوئی کے ساتھ سنجیدگی کامظاہرہ کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی پوری زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے ہمیشہ مشکل سے مشکل ٹاسک کو پورا کیا وہ انتھک محنت کے عادی ہیں کرکٹ گرائونڈ ہو شوکت خانم اسپتال یا پھر نمل یونیورسٹی انہوں نے ہر ایک ٹاسک کو بہ خوبی پورا کیا یہی وجہ ہے کہ ہمیں کامل یقین ہے کہ اب سیاست میں ان کے کئے گئے وعدے بھی پورے ہو نگے ۔ انہوں نے کہا کہ درس گاہوں میں منشیات کے استعمال کی اطلاعات تشویشناک بات ہے اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ تعلیمی درس گاہوں کے تقدس کو کسی بھی صورت میں پامال نہیں ہونے دینگے ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کے کئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس ضمن میں عبد الخالق اللہ والا ٹائون کے مسائل کے حل کے لئے جلد میئر کراچی اور کمشنر کراچی کے ساتھ اجلاس میں مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی جائے گی ۔ تقریب سے خطاب میں جمعیت کے صدر سعید شفیق اور جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے جمعیت کی کارکردگی با الخصوص قبرستان ، تعلیمی مراکز اور طبی سہولیات کے حوالہ سے تفصیلی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیت کے تحت غریب اور نادار افراد کی کفالت ، طبی سہولیات اور ان کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ، اللہ والا ٹائون میں نکاسی و فراہمی آب کے مسائل عرصہ دراز سے حل طلب ہیں گورنر سندھ سے امید ہے کہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر توجہ دیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں