ملکی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، معاشی فیصلے بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے کئے جائیں گے

وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کراچی چیمبر میں تقریب سے خطاب

پیر 15 اکتوبر 2018 20:28

ملکی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، معاشی فیصلے بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے کئے جائیں گے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملکی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے، معاشی ترقی کے لئے کاروباری طبقے سے مشاروت ضروری ہے۔ پیر کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے، ڈو مور نہیں سنیں گے۔

انہوں نے کہاکہ امن و امان سمیت تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر صورتحال کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، صورتحال کا درست تجزیہ کرنے کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملنا ہو گا۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی نے کہا کہ ماحولیات، سیاحت اور تعلیم سمیت ہر شعبے کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں، کراچی چیمبر آف کامرس کو باور کرواتا ہوں میں آپ سے رابطے میں رہوں گا، محکمہ داخلہ سے متعلق تمام معاملات پر آپ سے مشاورت ہو گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ تقریب سے کراچی چیمبر کے صدر جنید ماکڈا، معروف تاجر رہنماسراج قاسم تیلی، زبیرموتی والا سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تاجرو صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں