کراچی ،بلدیہ عظمیٰ میئر کراچی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی بھرپور سرپرستی کرے گی، وسیم اختر

جس کے انعقاد کا جلد اعلان کیا جائے گا تاکہ شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور ہاکی کی بحالی کے لئے کام کیا جاسکے، ماضی میں کراچی کے ہاکی گرائونڈز نے ملک کو بہترین کھلاڑی فراہم کئے،میئر کراچی

پیر 15 اکتوبر 2018 20:28

کراچی ،بلدیہ عظمیٰ  میئر کراچی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی بھرپور سرپرستی کرے گی، وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی میئر کراچی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی بھرپور سرپرستی کرے گی جس کے انعقاد کا جلد اعلان کیا جائے گا تاکہ شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور ہاکی کی بحالی کے لئے کام کیا جاسکے، ماضی میں کراچی کے ہاکی گرائونڈز نے ملک کو بہترین کھلاڑی فراہم کئے اب بھی کھیلوں کی سرگرمیوں خصوصاً ہاکی کے فروغ میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہارمیئر کراچی وسیم اختر نے پیر کی سہ پہر اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس میں سابق اولمپئن حنیف خان اور وسیم فیروز کے علاوہ کے ایچ اے کی صدر عاصمہ شاہ، چیئرمین گلفراز خان، سیکریٹری جنرل حیدر حسین، ایگزیکٹو باڈی کے رکن وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی، رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی ، مشیر قانون جاوید چھتاری، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ماجد، ایگزیکٹو ممبر اعظم خان، ویمن ونگ کی ممبر ناہید فاطمہ ، بینش محمد علی شامل تھے جبکہ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، چیئرمین ریکریشن کمیٹی حنیف سورتی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس ریحان خان اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، کے ایچ اے کے وفد نے میئر کراچی کو اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو سال میں کے ایچ اے کے تحت کراچی میں 36 ایونٹس کرائے گئے جبکہ مختلف محکموں میں ہاکی ٹیموں کی دوبارہ تشکیل کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اشتراک سے آل کراچی سطح پر میئر کراچی ہاکی کپ کرانا چاہتے ہیں جس میں کراچی کے بہترین کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا، انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لئے موجودہ ہاکی گرائونڈز کی حالت بہتر بنانے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے کے ایم سی گرائونڈز میں سہولیات کی فراہمی کی درخواست بھی کی، میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایچ اے کے وفد کو یقین دلایا کہ کراچی میں ہاکی کے کھیل کو اس کا کھویا ہوامقام واپس دلانے کے لئے شہر کے تمام ڈسٹرکٹس میں ہاکی گرائونڈز کو بہتر بنایا جائے گا اور کھیلوں کے مقابلوںکو بہترین انداز میں منعقد کرنے میں تعاون کریں گے، قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے ابتدائی مرحلے میں کراچی کا کوئی ہاکی گرائونڈ کے ایچ اے کے حوالے کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ حنیف خان اور وسیم فیروز جیسے عظیم سابق کھلاڑیوں نے کراچی میں ہاکی کے کھیل کو پھر سے زندہ کردیا ہے، اس حوالے سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی کوششیں قابل تعریف ہیں، امید ہے کہ مستقبل میں کراچی میں بین الاقوامی سطح کے ہاکی کھلاڑیوں کا ایک بڑا پول تیار ہوگا ، نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لئے نچلی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے، انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح احکامات ہیں کہ اسپورٹس گرائونڈز کھیلوں کی سرگرمیوں کے علاوہ کسی اور کام کے لئے استعمال نہیں ہوسکتے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کھیل کے میدانوں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا ہے اور اب انہیں صرف اور صرف کھیلوں کے لئے ہی استعمال میں لایا جا رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ نچلی سطح پر مختلف کھیلوں کے لئے بنیادی انفراسٹرکچر تیار کیا جائے تاکہ ہاکی، فٹ بال، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی قومی ٹیموں کے لئے عمدہ اور معیاری کھلاڑی کراچی سے دستیاب ہوسکیں ، نچلی سطح پر ہاکی کے فروغ سے کراچی کے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا،کے ایم سی میں ہاکی اوردیگر اسپورٹس ٹیموں کی تشکیل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے،انہوں نے کے ایچ اے کے ذمہ داروں سے کہا کہ کراچی میں ہاکی کے فروغ ، ٹورنامنٹس کے انعقاد اور ہاکی گرائونڈ کو بہتر بنانے کے لئے اپنی تجاویز دیںتاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حوالے سے مزید موثر کردار ادا کرسکے۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں