میئر کراچی نے کے ایچ اے کو ’’میئر کپ‘‘ کرانے کے لئے گرین سگنل دے دیا، میئر کپ 15 سے 30 نومبر کے درمیان ہو گا

میئر کراچی کا کے ایچ اے کو شاہ فیصل کالونی میں ہاکی گرائونڈ دینے کا اعلان

پیر 15 اکتوبر 2018 22:03

میئر کراچی نے کے ایچ اے کو ’’میئر کپ‘‘ کرانے کے لئے گرین سگنل دے دیا، میئر کپ 15 سے 30 نومبر کے درمیان ہو گا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) میئر کراچی و سیم اختر نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن (کے ایچ ای) کو ’’میئر کپ‘‘ کرانے کے لئے گرین سگنل دے دیا۔ سیکریٹری کے ایچ اے کے مطابق میئر کپ کا انعقاد رواں سال 15 سے 30 نومبر کے درمیان ہو گا۔ وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کے ہاکی گراونڈز کو دوبارہ آباد کیا جائے گا، خستہ حال کھیل کے میدانوں کی تزئین و آرائش کرائی جائے گی۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کراچی ہاکی ایسوشی ایشن کے وفد نے اولمپئن حنیف خان اور سیکرٹری حیدر حسین کی قیادت میں بلدیہ عظمی کے دفتر میں میئر کراچی وسیم اختر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے کراچی میں ایسے گرائونڈز کی نشاندہی کی جو خستہ حال ہو چکے ہیں اور کھیل کے قابل نہیں رہے۔

(جاری ہے)

حیدر حسین نے بتایا کہ شاہ فیصل کالونی میں ڈان ہاکی کلب گرائونڈ، خالد بن ولید گرائونڈ پی ای سی ایچ ایس، فیڈرل بی ایریا بلاک 17 کا پاک فلیگ گرائونڈ، بلدیہ ہاکی گرائونڈ اور نارتھ کراچی سیکٹر الیون کو دوبارہ کھیل کے قابل بنانے کی ضرورت ہے جبکہ بیشتر ہاکی گرائونڈ پر مختلف مافیا کا قبضہ ہے۔

اولمپئن حنیف خان نے بتایا کہ جب گرائونڈ میں ہاکی کا کھیل نہیں ہوگا تو ٹیلنٹ کہاں سے آئے گا۔ انہوں نے مئیر کراچی کے نام سے ہاکی ٹورنامنت کرانے کی تجویز دی جو منظور کر لی گئی۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چئیرمین گلفراز خان، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ماجد، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر جاوید چھتاری، کونسل ممبر اقبال محمد علی، اعظم خان، اسما شاہ، شاکر علی، ناہید فاطمہ اور بینش علی بھی موجود تھیں۔

مئیر کراچی ہاکی ٹورنامنٹ 15 سے 30 نومبر کے درمیان کرایا جائے گا جس کیلئے اولمپئن حنیف خان کو ڈائریکٹر، سمیع اللہ کو چئیرمین اور ایم این اے اقبال محمد علی کو آرگنائزنگ سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے بتایا کہ کے ایچ اے کے تحت ایک سال میں 35 سے زائد ٹورنامنٹ کرائے گئے، رینجرز ہاکی ٹیم تشکیل دی گئی، کے ڈی اے ہاکی ٹیم کے بعد اب کے ایچ اے کی کاوشوں کی بدولت سندھ میں پہلی بار کے ڈی اے ویمنز ہاکی ٹیم تشکیل دے رہا ہے۔

مئیر کراچی وسیم اختر نے کے ایچ اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے ایچ اے جس طرح کراچی میں ہاکی کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ اے نے جن گرائونڈ کی نشاندہی کی ہے انہیں دوبارہ ہاکی کیلئے بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے فوری طور پر شاہ فیصل کالونی میں ہاکی گرائونڈ دینے کا اعلان کیا جبکہ باقی گرائونڈز بھی ایک ایک کرکے کے ایچ اے کے حوالے کر دیئے جائیں گے اور گرائونڈز پر مافیا کا قبضہ بھی ختم کرائیں گے۔

مئیر کراچی نے کہا کہ ماضی میں کھیلے جانے والے مختلف کھیلوں کی ٹیموں کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کپ ہر سال منعقد کرایا جائے گا، کے ایچ اے اس ایونٹ کو اپنے کلینڈر ائیر کا حصہ بنائے۔ ملاقات کے اختتام پر اولمپئن حنیف خان اور اسما شاہ نے میئر کراچی کو ہاکی اسٹک کا تحفہ بھی دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں