جرائم اور مجرموں کا قومی سطح پر ایک ڈیٹا بینک قائم کیا جائے، نادرا سندھ پولیس کے ساتھ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے حوالے سے تعاون کرے

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو

پیر 15 اکتوبر 2018 23:33

جرائم اور مجرموں کا قومی سطح پر ایک ڈیٹا بینک قائم کیا جائے، نادرا سندھ پولیس کے ساتھ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے حوالے سے تعاون کرے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2200 پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی ایک بڑی تعداد نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے اپنی جانیں قربان کیں جس کے لئے ہم ان کے اور ان کے خاندانوں کے ممنون ہیں۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سے وزیراعلی ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر اور وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو بھی موجود تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں عام انتخابات اور ضمنی انتخابات کا پرامن طریقے سے انعقاد امن و امان کی بحالی کے باعث ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر مملکت سے کہا کہ جرائم اور مجرموں کا قومی سطح پر ایک ڈیٹا بینک قائم کیا جائے جس پر صوبائی حکومت کی بھی رسائی ہو تاکہ ضروری کارروائی کی جا سکے۔

انہوں نے وزیر مملکت سے مزید کہا کہ وہ نادرا کو ضروری ہدایات جاری کریں کہ وہ سندھ پولیس کے ساتھ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے حوالے سے تعاون کرے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعلی سندھ کو ہر شعبے بالخصوص امن و امان کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز اور دیگر قانون فانذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جنہوں نے کراچی آپریشن میں فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں