وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 4 مزید وزراء کابینہ میں شامل کر لئے

پیر 15 اکتوبر 2018 23:33

وزیراعلیٰ سندھ نے کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 4 مزید وزراء کابینہ میں شامل کر لئے
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے 4 مزید وزراء شامل کر لئے، کابینہ کے اراکین کی تعداد 16 ہو گئی، جس میں 2 صوبائی مشیر ان کے علاوہ ہیں۔ وزیراعلیٰ ہائوس سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہائوس میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں نئے وزرا سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

حلف لینے والے وزراء میں تیمور تالپور، سید اویس شاہ، مرتضی بلوچ اور باری پتافی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ تیمور تالپور ایم این اے نواب یوسف تالپور کے صاحب زادے ہیں اور ضلع عمر کوٹ سے رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ سید اویس شاہ سکھر سے، مرتضی بلوچ ملیر سے اور عبدالباری پتافی گھوٹکی سے رکن سندھ اسمبلی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کا اہتمام قائم مقام چیف سیکریٹری محمد وسیم نے کیا۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزراء، ایم پی ایز، ایم این ایز، بیورو کریٹس اور معززین نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں