منی لانڈرنگ کیس : آصف علی زرداری‘ فریال تالپور اور انور مجید کے تینوں بیٹوں کی بینکنگ کورٹ میں پیشی

آصف زرداری اور حسین لوائی کی بینکنگ کورٹ ملاقات‘جج کی رخصت کے باعث سماعت 13 نومبر تک کے لیے ملتوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اکتوبر 2018 13:14

منی لانڈرنگ کیس : آصف علی زرداری‘ فریال تالپور اور انور مجید کے تینوں بیٹوں کی بینکنگ کورٹ میں پیشی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 اکتوبر۔2018ء) منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور مقدمے میں نامزد اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے تینوں بیٹے بینکنگ کورٹ میں پیش ہوگئے. ملزمان کے خلاف بوگس اکاﺅنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے، سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے تینوں صاحبزادوں، ذوالقرنین، علی مجید اور نمر مجید نے عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی ہے.

آج سماعت کے لیے تمام ملزمان پیش ہوئے تاہم فاضل جج کی رخصت کے باعث سماعت 13 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی.

(جاری ہے)

25 ستمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ضمانت پر رہا سابق صدرآصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور انور مجید اور دیگر ملزمان کراچی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے. عدالت نے 5 مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت آج 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی تھی.

واضح رہے بینکنگ کورٹ نے آصف زرداری کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے،ایف آئی اے کے عبوری چالان میں آصف زرداری کو مفرورقراردیاگیاتھا. اس کیس میں انورمجید،غنی مجید،حسین لوائی اورطحٰہ رضاگرفتارہیں جبکہ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپوراورانورمجید کے3 بیٹے عبوری ضمانت پرہیں. دوسری جانب منی لانڈرنگ اسکینڈل میں گرفتار اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی ہے.

سندھ ہائیکورٹ نے انور مجید کی ایف آئی اے کے خلاف درخواست کی سماعت کی تو ایف آئی اے نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر نجف مرزا کو 20 نومبر کو طلب کرلیا. انور مجید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں اس لیے ادارے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اور مقدمات کی تفصیلات بتائی جائے. درخواست میں انور مجید نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے سے ان کے خلاف زیر التواءانکوائری کی بھی تفصیلات مانگی جائیں. آصف زرداری اور حسین لوائی کی بینکنگ کورٹ ملاقات بھی ہوئی. جیل حکام نے حسین لوائی کو بھی عدالت میں پیش کیا، آصف علی زرداری نے کمرہ عدالت میں حسین لوائی سے ملاقات بھی کی.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں