کراچی: امریکی سفارتخانے کی کار سے حادثہ، تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج

پی آئی ڈی سی سے جارہا تھا، عقب سے گاڑی نے ٹکر ماری، واقعے کے بعد موقع پر رش لگ گیا، زخمی شہری کا پولیس کو بیان

منگل 16 اکتوبر 2018 13:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) شہرقائد میں امریکی سفارت خانے کی کار سے حادثے کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں زخمی شہری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے شہری زخمی ہوگیا تھا، زخمی شہری کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں تیز رفتاری اور ٹریفک حادثے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

زخمی شہری نے پولیس کو بیان دیاکہ میں پی آئی ڈی سی سے جارہا تھا، عقب سے گاڑی نے ٹکر ماری، واقعے کے بعد موقع پر رش لگ گیا۔شہری کے مطابق موقع پر موجود افراد میں سے کسی نے خاتون کو الزبتھ کے نام سے پکارا، رش کے دوران معلوم ہوا کے ڈرائیور امریکی خاتون ہے۔پولیس کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی گاڑی غیرملکی خاتون چلا رہی تھیں، خاتون امریکی قونصل خانے میں اسٹاف ممبر ہیں، گاڑی کا نمبر کیو ایم 942 ہے، جبکہ تحقیقات کررہے ہیں کہ حادثہ کس طرح پیش آیا۔

(جاری ہے)

حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کے پائوں میں چوٹیں آئی ہیں۔ڈی آئی جی سائوتھ جاوید اوڈھو کے مطابق زخمی ہونے والا شخص پاک بحریہ کا ملازم ہے، امریکی خاتون سفارتکار دوسری کار میں سفارت خانے چلی گئیں، جس گاڑی سے حادثہ ہوا اسے تھانے منتقل کردیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں