گیس اور پٹرول کمپنیوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر قمبر شہدادکوٹ اور بدین میں کمپنیز رپورٹ 30اکتوبر تک طلب

منگل 16 اکتوبر 2018 17:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں کام کرنے والے گیس اور پٹرول کمپنیوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر قمبر شہدادکوٹ اور بدین میں کمپنیز رپورٹ 30اکتوبر تک طلب کر لی ہے ۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کی کمپنیز عمل درآمد نہیں کر رہی،مقامی سطح پر ترقیاتی اور فلاح و بہبود کے کام میں تعاون نہیں کر رہی،جس پر عدالت نے 30 اکتوبر تک قمبر شہدادکوٹ اور بدین میں کمپنیز رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں ملازمین کی تفصیلات ڈومیسائل کے ساتھ عدالت میں پیش کئے جائیں۔

(جاری ہے)

قمبر شہدادکوٹ میں گیس فیلڈ مزرانی میں مقامی ملازمین کی بھرتی کے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ڈی سی قمبر شہداد کوٹ کا کہنا تھا کہ چھ میں صرف ایک انجنیئر مقامی ہے باقی سب باہر سے آئے ہیں، عدالت نے ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ جاوید جاگیرانی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ آپ کے ضلع میں مقامی لوگوں سے نا انصافی ہو رہی ہے،ایسی صورتحال پیدا نہ کریں کہ آپ کی آنے والی نسلیں بھیک مانگیں، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ اپنے فرائض انجام نہیں دے رہے، کیوں نہ آپ کے چیف سیکریٹری کو لکھا جائے آپ کو آئندہ فیلڈ پوسٹنگ نہ دی جائے،عدالت نے آئندہ سماعت پر چیف سیکرٹری کو طلب کر لیا ،ضلع گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی ،قادر پور گیس فیلڈ نے ترقیاتی کاموں کی مد میں ابھی تک کوئی فنڈ نہیں دیا،جبکہ قادر پور گیس فیلڈ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہم نے فنڈز دے دیئے ہیں،عدالت نے کہا کہ آپ کو لوگ نہیں سردار وڈیرے اور بھوتار چاہئیں گھوٹکی کے لوگوں کو بولیں کہ وہ علاقہ چھوڑ کر چلے جائیں،آپ کمپنی والوں کولوگ نہیں صرف وسائل اور سردار چاہئیں،گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنر نے جب رپورٹ میں سچ لکھا تو اس کا تبادلہ کر دیا گیا، عدالت نے نئے تعینات ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم بھی دیا عدالت نے کہا کہ بیان حلفی میں بتائیں کہ 2013 سے گیس کمپنیوں نے اب تک مقامی ترقی کے لئے کتنی رقم خرچ کی،ان کمپنی والوں کو مولوی اور موذن بھی باہر سے چاہئیں،درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پی پی ایل کندھ کوٹ میں مولوی کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے،پی پی ایل میں تھرڈ پارٹی سے تنخواہ دی جاتی ہے،تھرڈ پارٹی میں با اثر سردار اور من پسند لوگ ہونگے جن کو بڑی رقم ملتی ہوگی،پی پی ایل میں 90 آفیسر ہیں جس میں صرف تین مقامی افسر ییں، مزرانی گیس فیلڈ افسران کی بھی سرزنش کرتے ہوئے عدالت نے تمام فیکٹری انتظامیہ سے ڈومیسائل کے ہمراہ ملازمین کی تفصیل طلب کر لی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں