سینئرمینجمنٹ کورس کے 24 ویں بیج پر مشتمل 12 رکنی وفد کی آئی جی سندھ سے ملاقات

سندھ پولیس میں مثبت اصلاحات میری خواہش اور ترجیح ہے،ڈاکٹرکلیم امام

منگل 16 اکتوبر 2018 19:48

سینئرمینجمنٹ کورس کے 24 ویں بیج پر مشتمل 12 رکنی وفد کی آئی جی سندھ سے ملاقات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں 24ویں سینئرمینجمنٹ کورس پر مشتمل 12 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ نے وفد کو سندھ پولیس کے مختلف شعبہ جات کے جملہ انتظامی ودیگر محکمانہ امور سمیت آپریشنل وانویسٹی گیشن شعبہ جات کے تحت امن وامان کی صورتحال کے استحکام اور کنٹرول کے ساتھ ساتھ جرائم کیخلاف جاری اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی تنظیم نو،مثبت کلچر کی سمت گامزن کرنا اور سندھ پولیس میں مثبت اصلاحات کومتعارف کرنا میری بڑی خواہش اور ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے تحت ایسے اقدامات اُٹھاوں کہ عوام کی شکایات کا بروقت اذالہ ہو،کیسز کے اندراج میں تاخیر نہ ہو،پولیس اپنی آپریشنل اور انویسٹی گیشن ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دیں تاکہ ناصرف امن وامان کی صورتحال مذید پائیدار ہو بلکہ مثبت برتاؤ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے سے سندھ پولیس کی کارکردگی کی نمایاں تصویر بھی اُبھر کر سامنے آسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہدائے سندھ کے ورثاء کی فلاح وبہبود کے حوالے سے تمام تر مثبت اقدامات میری ترجیحات ہیں۔علاوہ اذیں پولیس ٹریننگ کے معیار کی بہتری اور اسکے جملہ امور کودور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا،فارنزک سائنس تیکنیکس کی بدولت جرائم کی بیخ کنی، آپریشنل اور انویسٹی گیشن کے تمام تر اقدامات کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنانا،عمدہ کارکردگی پر پولیس کی حوصلہ افزائی ومورال کو تقویت دینا وغیرہ ایسے اقدامات ہیں جن کے تسلسل سے ناصرف پولیس کا حوصلہ بلند ہوگا بلکہ ان کے انفرادی اور اجتماعی کردار سے پولیسنگ کے عمل میں عوام دوست اقدامات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی کے علاوہ اے آئی جی ایڈمن و اے آئی جی ویلفیئر سندھ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں