گورنر سندھ کی جانب سے فخر عالم اور ان کی ٹیم کا ایئرپورٹ پر استقبال

فخر عالم نے پاکستانی پرچم تھامے پوری دنیا کے چکر لگا کرپوری قوم کا سر فخرسے بلند کردیا،عمران اسماعیل فخر عالم نے امریکہ کی ریاست فلوریڈا سے 10 اکتوبر2018 ء سے دنیا کا چکر لگانے کی مہم شروع کی

منگل 16 اکتوبر 2018 20:16

گورنر سندھ کی جانب سے فخر عالم اور ان کی ٹیم کا ایئرپورٹ پر استقبال
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دنیا کا چکر لگانے کے مشن پرگامزن پاکستانی گلو کاراور سماجی کارکن فخر عالم اور ان کی ٹیم کے کراچی ایئر پورٹ پہنچنے پر استقبال کیا اورانھیں خوش آمدید بھی کہا ۔ فخر عالم نے امریکہ کی ریاست فلوریڈا سے 10 اکتوبر2018 ء سے دنیا کا چکر لگانے کی مہم شروع کی ہے اور کراچی پہنچنے پران کے مشن کا آدھا مرحلہ( آدھی دنیاکا چکر) مکمل ہوگیا ہے وہ کراچی کے بعد دنیا کے مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے اپنی مہم مکمل کریں گے ، وہ اپنے اس مشن میں دنیا کے 25 ممالک کا دورہ کررہے ہیں جو 28 روز میں مکمل ہوگا۔

گورنرسندھ نے فخر عالم کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ فخر عالم نے پاکستانی پرچم تھامے پوری دنیا کے چکر لگانے کا مشن شروع کرکے پوری قوم کا سر فخرسے بلند کردیا ہے ، فخر عالم پہلے پاکستانی ہوں گے جو دنیا کا چکر مکمل کررہے ہیں اس سے قبل پاکستانی باپ بیٹے نے بھی کوشش کی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کا طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ، وزیر اعظم پاکستان اور پوری قوم کی طرف سے میں ، فخر عالم کو مبارک باد پیش کرتاہوں کیونکہ پوری قوم کے لئے یہ مشن ایک اعزاز کی بات ہے ، آج پوری دنیا میں فخر پاکستانی پرچم تھامے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنے وطن کے لئے اسی جذبہ کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے یہ وطن سے والہانہ محبت کا اظہار ہے ، فخر عالم نے یہ بات ثابت کردی ہے ایک تنہا شخص بھی پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرسکتاہے اور یہی بات وزیر اعظم پاکستان بھی کہتے ہیں عزم ، ہمت اور جذبہ سے کسی بھی کام کو پایہء تکمیل تک پہنچایا جا سکتاہے ، انسان کوشش ہی کرسکتا ہے لیکن برکت اللہ تعالیٰ کی ذات نے دینی ہوتی ہے ۔

اس موقع پر فخر عالم نے کہا کہ میں اس سے قبل بھی دنیا کے مختلف ممالک سے پاکستان آتا رہا ہوں لیکن آج جب میرا طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو میرے دل میں عجیب سے احساسات ابھرنے لگے جو اس سے قبل کبھی نہیں ہوئے ، پوری دنیا کا چکر لگانے کا مقصد وطن عزیز کا نام روشن کرنا ہے اور اس کاوش میں میری حوصلہ افزائی کرنے پر میں صدر مملکت ، وزیر اعظم ،گورنرسندھ، سول ایوی ایشن اتھارٹی ، پاکستان ایئر فورس اور میڈیا کا تہہ دل سے شکر گذار ہوں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں