واٹر بورڈ کے اہلکاروں کی طرف سے پانی کی چوری ایک شرمناک عمل ہے،خرم شیر زمان

شہر کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، چور کسی رعایت کے مستحق نہیں ،صدر تحریک انصاف کراچی

منگل 16 اکتوبر 2018 20:41

واٹر بورڈ کے اہلکاروں کی طرف سے پانی کی چوری ایک شرمناک عمل ہے،خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے اہلکاروں کی طرف سے پانی کی چوری ایک شرمناک عمل ہے۔ اہلکاروں اور افسران کا فرض ہے کہ وہ پانی کی حفاظت کریں۔ کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔ ایسے میں پانی چوری کا گھنائونا جرم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ خود تسلیم کرتی ہے کہ چوری میں اہلکاروں کا ہاتھ ہے۔ پانی چوروں کا پتہ چلا کر انہیں سخت سزا دی جانی چاہئے۔ ایسے تمام اہلکاروں اور افسران کو واٹر بورڈ سے نکال دینا چاہئے جو پانی کی چوری میں ملوث پائے جائیں۔

(جاری ہے)

پانی چوری کی سزا الگ سے دی جائے۔ پانی چوروں کی وجہ سے کراچی کے لوگ پیسوں سے بھی پانی نہیں خرید پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت پیشہ لوگ جرائم پیشہ بن جائیں تو معاشرے تباہ ہوجاتے ہیں۔ کراچی سے پانی کے مسائل کا خاتمہ کرنا ہے تو واٹر بورڈ سے ایسے ناسوروں کا خاتمہ ضروری ہے۔ تحریک انصاف کراچی کو پانی سمیت ہر مسئلے سے نکالنا چاہتی ہے۔ بنیادی ضروریاتِ زندگی کے مسائل حل ہوں گے تو لوگ قوم کی سطح پر ملکی ترقی کی بات کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں