دن کے اوقات میں سخت گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ، حافظ نعیم الرحمن

منگل 16 اکتوبر 2018 21:54

دن کے اوقات میں سخت گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ، حافظ نعیم الرحمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نی کہا ہے کہ دن کے اوقات میں سخت گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ہے ۔آدھی رات کو اور چھٹی والے دن بھی مسلسل بجلی غائب رہتی ہے ۔لوڈشیڈنگ نے کراچی کے عوام کو بدستور اذیت اور کرب سے دوچار کیا ہو ا ہے ۔

کے الیکٹرک طویل لوڈشیڈنگ کو لوڈمینجمنٹ اور لوکل فالٹس کا نام دے کر عوام کو مسلسل بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور نیپرا کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے اور کے الیکٹرک کے خلاف کاروائی کر نے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہیں اور کوئی عوام کی دادرسی کر نے والا نہیں ۔

(جاری ہے)

حکومتی پارٹیاں اور ان کے منتخب نمائندوں نے بھی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور عوام کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور درپردہ کے الیکٹرک کی حمایت اور سر پرستی کی جارہی ہے ۔

یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیئے اور عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب اور کے الیکٹرک کے ظلم و زیادتیوں سے نجات دلوائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آچکی ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام تھوڑی سی موسم کی تبدیلی بھی برداشت نہیں کر پاتا ۔ بار بار توجہ دلانے اور احتجاج کر نے کے باوجود بھی کے الیکٹرک نے اپنا ترسیلی نظام کو درست نہیں کیا ۔

طویل لوڈشیڈنگ اور ناقص ترسیلی نظام کے باعث عوام شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکارہیں،بعض علاقوں میں مرمت کے نام پر صبح سے شام تک بجلی بند کر کے عوام کو مسلسل تنگ کیا جارہا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا ضرورت اس بات کی ہے کہ کے الیکٹرک اپنی نااہلی کو ختم کرے اور کارکردگی کو بہتر بنائے وہ اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے بجائے کبھی نیشنل گرڈ سے فراہمی میں کمی اور کبھی گیس کی کمی کا بہانہ بناکر عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کردیتی ہے ۔

بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کے الیکٹرک خود کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کرتی ، فرنس آئل کے پلانٹ کو فعال اور پیداوار کے قابل نہیں بناتی ، جب تک کے الیکٹرک کے خلاف سخت تادیبی کاروائی نہیں کی جائے گی اور اسے اپنی پیداوار بڑھانے اور ناقص ترسیلی نظام کو بہتر کر نے پر مجبور نہیں کیا جائے گا کراچی میں بجلی کا بحران ختم نہیں ہوگا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں