گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر برائے صحت عامر محمود کیانی کی ملاقات

منگل 16 اکتوبر 2018 22:40

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر برائے صحت عامر محمود کیانی کی ملاقات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگو لیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی صحت ،موذی امراض کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات، عصر حاضر سے ہم آہنگ صحت کی ضروریات اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں قومی و صوبائی سطح پر موذی امراض کی مربوط و موئثر آگاہی مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا اور اسپتالوں میں عصر حاضر سے ہم آہنگ طبی آلات کی فراہمی، ڈاکٹرز اور عملہ کی تربیت کے لئے مختلف پروگرامز شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ میں مخیر اداروں کے تعاون سے مختلف موذی امراض کے خاتمہ کے لئے مہم جارہی ہیں، حال ہی خسرہ کے خاتمہ کے لئے ایک برس سے پانچ برس کے بچوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے اس سے قبل پولیو کے خاتمہ کے لئے جاری مہم میں حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں، بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے دور دراز علاقوں میں صحت کے مراکز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے باالخصوص تھر کے علاقوں میں طبی سہولیات ناکافی ہیں اس ضمن میں وفاق کا تعاون اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگو لیشنز اینڈ کو آرڈینیشن نے کہا کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں یکساں طبی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے وژن پر گامزن ہے، صوبہ سندھ میں بھی صحت کے حوالے سے بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں