نجی اسکول بچوں کی فیسوں میں من مانا اضافہ کر رہے ہیں، سندھ حکومت کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، خرم شیر زمان

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:52

نجی اسکول بچوں کی فیسوں میں من مانا اضافہ کر رہے ہیں، سندھ حکومت کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، خرم شیر زمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ نجی اسکول بچوں کی فیسوں میں من مانا اضافہ کر رہے ہیں۔ اس پر سندھ حکومت کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ تعلیمی ادارے تعلیم کو کاروبار بنادیتے ہیں، اس سے تعلیم کا معیار خراب ہوتا ہے۔ والدین بچوں کو تعلیم حاصل کرکے ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں لیکن بھاری فیسوں کے آگے بے بس ہیں۔

انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور درس و تدریس کے پیشے کو عبادت سمجھنے والے ناپید ہوتے جا رہے ہیں۔ نجی اسکول مافیا تعلیم کے نظام کی ایک اہم خرابی ہے۔ فیسوں میں من مانا اضافہ کرنے والے اسکول اساتذہ کو مناسب تنخواہیں نہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

اگر مدرسین کو مناسب تنخواہ نہیں ملے گی تو وہ معیاری تعلیم کیسے دے سکتے ہیں۔

والدین کو اسکولوں میں بچے داخل کرواتے وقت اسکول کی فیس نہیں بلکہ مدرسین کی تنخواہ پر نظر رکھنی چاہئے۔ اگر کوئی اسکول مدرسین کو اچھی تنخواہ دیتا ہے تبھی بچوں کی تعلیم بہتر ہوگی۔ اگر اساتذہ معاشی بحران سے بے فکر ہوجائیں تو تعلیم بھی اچھی ہوگی۔ سندھ حکومت کو کراچی سمیت پورے سندھ میں تعلیمی نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے نجی اسکول مافیا کو لگام دی جائے۔ تحریک انصاف تعلیمی نظام میں اصلاحات چاہتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں